رسائی کے لنکس

توانائی کی بچت میں خواتین کے کردار پر بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر


توانائی کی بچت میں خواتین کے کردار پر بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر
توانائی کی بچت میں خواتین کے کردار پر بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر اینڈریو بی سسن نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ویمن ان انرجی کی چیئرپرسن سینیٹر رخسانہ زبیری کے ساتھ گذشتہ روز توانائی کے تحفظ ،کفایت کے ساتھ استعمال اور شمسی توانائی کے موضوع پر منعقد ہونے والی توانائی کانفرنس کے اختتامی سیشن میں شرکت کی۔

اس پانچ روزہ کانفرنس کا اہتمام پاکستان کی ایک غیر سرکاری تنظیم ویمن ان انرجی (ڈبلیو آئی ای)، پاکستان انجینئرنگ کونسل اور یوایس ایڈ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ کانفرنس میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے اسٹریٹیجک مذاکرات کے دو کلیدی امور، توانائی کے تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

امریکہ سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان ، امریکہ اور جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے پاکستان میں توانائی کے تحفظ اور خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے توانائی کی بچت، اس کی کارکردگی اور اسے پیدا کرنے کے لیے دوبارہ قابل استعمال بنائے جانے والے نامیاتی مواد اور دیسی ذرائع بروئے کار لانے پر بحث کی۔

کانفرنس کا مقصد عوام میں یہ شعور بیدار کرنا بھی تھا کہ توانائی کے مسائل خواتین اور لڑکیوں کو کس طرح متاثر کر تے ہیں اور نامیاتی ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کے پروگراموں میں متحرک کردار ادا کرنے کے لیے خواتین کی کس طرح حوصلہ افزائی کی جائے۔

کانفرنس کے اختتام پر ویمن ان انرجی اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں توانائی سے متعلق متعدد اقدامات، مثلاً توانائی کی کارکردگی، بچت اور عوامی شعور پیدا کرنے کے لیے تھنک ٹینک یا گرین کیمپس قائم کرنا تجویز کیے گئے ۔ سینیٹر زبیری نے کہا کہ یہ اختتامی تقریب نہیں ہے بلکہ حقیقت میں یہ توانائی کی بچت اُس کے باکفایت استعمال اور شمسی توانائی کے لیے ایک ملک گیر مہم کا نکتہ آغاز ہے۔

XS
SM
MD
LG