رسائی کے لنکس

ترقی نسواں کے لیے کتابچے کااردومیں ترجمہ


پیر کے روز اسلام آباد میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام ”پسند کی جانب“ کے عنوان سے ایک تربیتی کتابچے کا اجراء ہو ا جس کا مقصد عالمی تجربات کی روشنی میں پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانا اور معاشرے میں ان کے قائدانہ کردار کو فروغ دینا ہے۔

یہ کتاب دراصل ایک امریکی غیر سرکاری تنطیم وومن لرننگ پارٹنرشپ کی طرف سے مراکش، نائیجیریا اور فلسطین کی تنظیموں کی شرکت سے انگریزی میں شائع کی گئی تھی جس کے بعد اس کا بیس مختلف زبانوں میں ترجمہ ہوا ۔اس وقت یہ کتاب دنیا بھر میں خواتین کی ترقی کے لیے ایک تربیتی رہنما کے طور پر تصور کی جاتی ہے۔

پاکستان میں عورت فاؤنڈیشن کی ایک بانی ممبر ڈاکٹر معصومہ حسن نے” لیڈنگ ٹو چوائسز “کے عنوان سے شائع ہونے والے اس کتابچے کا اردو ترجمہ کیا ہے جو ان کے مطابق پالیسی سازی کی سطح سے لے کر نچلی سطح پر ترقی نسواں کے لیے کام کرنے والی تنظیموں یا افراد کے لیے مفید ثابت ہوا ہے ۔

وائس آف امریکہ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ” پسند کی جانب“ ان خواتین کی سچی کہانیوں، تجربات اورجدوجہد پر مبنی ہے جنھوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود ہار نہیں مانی اور اپنی ان تھک محنت سے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو دنیا بھر میں منوایا۔

معصومہ حسن کا کہنا تھا کہ اس کتابچے سے ایک قلیل مدت کے اند ر کسی انقلابی تبدیلی کی توقع کرنا غیر حقیقت پسندانہ ہو گا لیکن ان کے مطابق اتناضرورہے کہ اس سے خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم اور کوششوں کو تقویت حاصل ہو گی۔

”پسند کی جانب “ میں خواتین کے ساتھ موٴثر ا بلاغ ، ان پر تشدد کے خلاف قانون سازی عورتوں کو متحرک بنانے اور ان کے حق میں معاشرتی رویوں میں مجموعی تبدیلی لانے کے حوالے سے عالمی واقعات قلم بند کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG