رسائی کے لنکس

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی فتح


پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم سیریز جیتنے کے بعد
پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم سیریز جیتنے کے بعد

پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی ہے جس کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم پانچویں سے چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔

دو پوائیٹس حاصل کرنے کے بعد پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں کے نمبر 12 ہیں۔ تاہم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بھارت تیسرے اور پاکستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر آ گئی۔

آئی سی سی رینکنگ میں آسٹریلیا 16 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان سے سیریز ہارنے کے بعد اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔

دبئی میں کھیلی جانے والی سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں سدرہ امین کی نصف سنچری اور ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو کی شاندار بالنگ کے سبب پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں میں شکست دینے میں کامیاب ہو گئی۔ یہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی ویمنز کی ون ڈے سیریز میں پہلی فتح ہے۔

اس سے قبل سیریز کے دوسرے میچ میں بھی پاکستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں سدرہ امین اور ندا ڈار نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ ڈیانا بیگ، نشرہ سندھو اور ثنا میر نے شاندار بالنگ کا مظاہر ہ کیا۔

سیریز کے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی کپتان سٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم جم کر نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم صرف 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے تین، تین کھلاڑیوں کو پیویلین کی راہ دکھائی جبکہ ثنا میر، عالیہ ریاض اور کائنات امتیاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے صرف کپتان سٹیفنی ٹیلر نے پاکستانی بالرز کا جم کر مقابلہ کیا اور 52 رنز کی اننگ کھیلی۔ اُن کے علاوہ ڈوٹن نے 28، کیمبل نے 26 اور فلیچر نے ناقابل شکست 21 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور یوں یہ میچ چار وکٹوں سے جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر سدرہ امین نے 52 رنز بنائے۔ یہ سیریز میں اُن کی مسلسل دوسری نصف سنچری تھی۔ اُن کے علاوہ ندا ڈار نے 26 اور جویریا خان نے 24 رنز سکور کئے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کپتان سٹیفنی ٹیلر اور شاکرہ سلمان نے دو دو اور آل راؤنڈر ڈوٹن اور شمیلیا کونل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم کے غیر ملکی کوچز نے سیریز جیتنے پر پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک کولز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ویمنز ٹیم نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار مقابلہ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ دونوں سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ٹیم نے بیٹنگ اور بالنگ پلان کے مطابق کھیلی اور فیلڈنگ میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہر کیا اور یہی وجہ ہے کہ کامیابی پاکستانی ٹیم کا مقدر بنی۔ تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG