رسائی کے لنکس

ایک اور لاجواب میچ، عامر جمال نے ڈیبیو میچ کو یادگار بنا لیا


پاکستان نے سات میچز کی سیریز میں 2-3 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے سات میچز کی سیریز میں 2-3 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے انگلینڈ کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں چھ رنز سے شکست دے کر سات میچز کی سیریز میں 2 کے مقابلے میں3 میچ جیت کر سبقت حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے کریئر کے پہلے میچ کو ہی یادگار بنا لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 145 رنز بنائے۔ بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا۔

پاکستان کی جیت میں عامر جمال کے شاندار آخری اوور نے اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ کو چھ گیندوں پر 15 رنز درکار تھے، اس موقع پر انگلش کپتان معین علی اور ڈیوڈ ولے کریز پر موجود تھے۔ معین نے عامر جمال کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنایا لیکن ان کی نپی تلی بالنگ کے سامنے وہ مزید کوئی بڑا اسٹروک نہ کھیل سکے۔

اس طرح انگلش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز ہی بنا سکی۔ معین علی 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ڈیوڈ مالان 36 اور سیم کران 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بین ڈکٹ اور کرس ووکس دس دس رنز بنا سکے جب کہ تین بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو، محمد نواز، محمد وسیم، شاداب خان، افتخار احمد اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹںگ کی تو کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور وہ صرف 9 رنز کی اننگز کھیل سکے جس کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی چلی گئیں۔

میزبان ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو مناسب ٹوٹل فراہم کیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں رضوان کی یہ چوتھی نصف سینچری تھی۔

پاکستان کا مڈل آرڈر ایک مرتبہ پھر ناکام رہا اور سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد رضوان کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔

XS
SM
MD
LG