رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کی سترویں سالگرہ پر طلبا کا امن و آشتی کا پیغام


روٹس اسکول سسٹم کے روح رواں فیصل مشتاق کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ان کے تمام تعلیمی اداروں میں ایک، ایک دیوار اس مقصد کے لیے مختص کر دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی سترویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان میں اسکولوں کے طلبا نے ایک اچھوتے انداز سے محبت اور امن کا پیغام دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

اس سلسلے میں طلبا اپنی درس گاہ کی نمایاں دیوار پر اقوام متحدہ کے روایتی پیغامات کو اجاگر کریں گے۔

جمعہ کو اس کا آغاز اسلام آباد کے ایک نجی تعلیمی ادارے "روٹس کالج انٹرنیشنل ملینیئم کیمپس" سے ہوا جہاں طلبا نے ایک نمایاں دیوار پر کچھ یہ نعرے تحریر کیے۔ "لڑکے اور لڑکیاں برابر ہیں"، "ہم بدعنوانی سے پاک معاشرہ چاہتے ہیں"، "بچوں کو اسکول میں ہونا چاہیے نا کہ کام کی جگہ پر"۔

اقوام متحدہ کے اسلام آباد میں دفتر برائے اطلاعات کے ڈائریکٹر ویٹوریو کاماروٹا بھی اس موقع پر اسکول میں موجود تھے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اقوام متحدہ کی بنیادی ترجیح اور "پاکستان جیسے ملک میں جہاں ایک بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کی شرکت بہت اہم ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جب کوئی بچہ اسکول جائے تو وہ امن، برداشت اور دیگر اقدار کے پیغام کو یاد رکھے۔

اس منصوبے کے معاون احسن اوصاف نے وائس آف امریکہ کو اس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا۔

"ہم ہر اسکول میں جا کر ان کو یہ جملے دے رہے ہیں کہ وہ اسے دیوار پر لکھیں، جن میں تعلیم سے متعلق، صحت کے بارے میں اور دیگر ہمارے جو سماجی معاملات ہیں اس بارے میں پیغام ہے۔"

روٹس اسکول سسٹم کے روح رواں فیصل مشتاق کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ان کے تمام تعلیمی اداروں میں ایک، ایک دیوار اس مقصد کے لیے مختص کر دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے اس منصوبے کو سوئس ڈویلپمنٹ کوآپریشن اور 'یو این ایف پی اے' کی مالی معاونت حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG