رسائی کے لنکس

صدر زرداری کی نیویارک آمد


صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)
صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)
صدر آصف علی زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں جہاں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں اسلام مخالف فلم سے پیدا ہونے والی صورتحال اور ’’اس کی وجہ سے عالمی امن و استحکام کو لاحق خطرے‘‘ پر بھی بات کریں گے۔

اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے نامزد مستقل مندوب مسعود خان نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ پاکستانی صدر کی افغان ہم منصب حامد کرزئی اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقاتیں طے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی صدر برطانیہ اور افغان کے رہنماؤں کے ہمراہ افغانستان پر ایک سہ فریقی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

صدر زرداری امریکہ اور چین کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔

پاکستانی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ صدر زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اسلام مخالف ویڈیو کا معاملہ اٹھائیں گے اور توہین مذہب سے متعلق بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران نیویارک میں ہی مسلمان ملکوں کی نمائندہ تنظیم ’’آرگنائزیشن آف اسلامک کانفرنس‘‘ (او ای سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے جس میں مغرب میں اسلام اور پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز مواد کی نشر و اشاعت کے خلاف لائحہ عمل طے کیے جانے کا امکان ہے۔
XS
SM
MD
LG