رسائی کے لنکس

حکمران پارٹی کی مرکزی قیادت کا اجلاس طلب


اجلاس میں 27 اگست کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ میں طلبی پر حکومت کی حکمت عملی زیر غور آئے گی۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنی حکمران پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں پر مشمتل’کور کمیٹی‘ کا اجلاس جمعہ کی شب ایوان صدر میں طلب کیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 27 اگست کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ میں طلبی پر حکومت کی حکمت عملی زیر غور آئے گی۔

کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم پرویز اشرف بھی شرکت کریں گے۔

صدر زرداری کے خلاف سوئٹزرلینڈ میں بدعنوانی کے مقدمے کی بحالی کے لیے سوئس حکام کو خط لکھنے سے انکار پر سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے انھیں آئندہ پیر کو پانچ رکنی بینچ کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

سوئس حکام کو خط لکھنے سے انکار پر سپریم کورٹ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کے جرم میں پارلیمان کی رکنیت اور وزارت عظمٰی کے منصب کے لیے نا اہل قرار دے کر گھر بھیج چکی ہے۔

اس سے قبل اٹارنی جنرل آف پاکستان عرفان قادر نے جمعہ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں عدالت عظمیٰ کو جواب دہ نہیں ہیں اور سپریم کورٹ کو انھیں طلب نہیں کرنا چاہیئے تھا۔

عرفان قادر نے کہا کہ وہ فی الحال یہ کہنے سے قاصر ہیں کہ وزیر اعظم 27 اگست کو سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے یا نہیں۔
XS
SM
MD
LG