رسائی کے لنکس

اداروں میں کوئی تصادم نہیں، صدر زرداری


صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)
صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)

صدر آصف علی زرداری نے اس تاثر کو مسترد کیا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت کا فوج یا عدلیہ سے کوئی تصادم چل رہا ہے۔ یہ بات انھوں نے طویل عرصے بعد ایک پاکستانی نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔

اس سے قبل وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ اپنی جماعت کے اراکین پارلیمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور ان کی جماعت پیپلز پارٹی ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا کہ اجلاس میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے اور انھیں نقصان پہنچانے کی کسی بھی ممکنہ کوشش کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

بیان کے مطابق صدر زرداری نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور ان وعدوں کی تکمیل اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

صدر زرداری نے اجلا س کے شرکاء کو بتایا کہ ایوان بالا یعنی سینیٹ انتخابات کے معاملات پر اتحادی جماعتوں سے مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے اور حکومت نے قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق صدر نے کہا کہ ان کی جماعت کی قیادت ملک کو درپیش چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور موجودہ چیلینجوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں سے بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

صدر زرداری نے اپنی جماعت کے اراکین پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ عوام سے رابطوں کے لیے ڈویژن کی سطح پر ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کریں۔

XS
SM
MD
LG