رسائی کے لنکس

عید الفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صدر زرداری کی طرف سے عمر قید کے مجرموں کی سزاؤں میں 90 دن اور دیگر جرائم میں ملوث مجرموں کی سزا میں 45 روز کی کمی کی گئی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی جیلوں میں قید مجرمان کی سزاؤں میں کمی کی منظوری دی ہے۔

جمعہ کو ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ عمر قید کے مجرموں کی سزاؤں میں 90 دن اور دیگر جرائم میں ملوث مجرموں کی سزا میں 45 روز کی کمی کی گئی ہے۔

سزاؤں میں کمی کا اطلاق سزائے موت اور دیگر سنگین جرائم جیسے کہ تخریب کاری، زنا بالجبر، جاسوسی، ریاست کے خلاف کارروائیوں، ڈاکہ زنی سمیت غیر ملکیوں کے لیے مخصوص قوانین کی خلاف ورزی میں سزا پانے والے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں رعایت کا اطلاق ان قیدیوں پر ہوگا جو اپنی دو تہائی سزا پوری کر چکے ہیں۔
ایسی خواتین جن کے ساتھ ان کے بچے بھی قید ہیں ان کی سزا میں ایک سال تک کی کمی کئی گئی ہے۔

بیان کے مطابق 18 سال سے کم عمر بچوں کی جیل کے ایسے قیدی جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان کی باقی کی سزا کو معاف کر دیا گیا ہے۔

خواتین اور بچوں کی قید میں رعایت ان قیدیوں کے لیے نہیں جو دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم میں قید کاٹ رہے ہیں۔

صدر نے اس کمی کی منظوری وزیراعظم کی کی سفارش پر دی ہے۔
XS
SM
MD
LG