رسائی کے لنکس

پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا


پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا
پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف بلاوایو میں کھیلا جانے والا واحد کرکٹ ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

پیر کو میچ کے آخری دن میزبان ٹیم کو 141 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 88 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 22 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ رنز محمد حفیظ نے بنائے جنھیں آر ڈبلیو پرائس نے 38 کے انفرادی اسکور پر بولڈ آوٹ کیا۔ اُنھوں نے پہلی اننگز میں 119 رنز بنائے تھے جب کہ دوسری اننگز میں زمبابوے کے چار کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا تھا اس لیے اُنھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پیر کی صُبح جب میزبان ٹیم نے 135 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹینڈا ٹائیبو پہلے ہی اوور میں اعزاز چیمہ کی گیند پر وکٹ کیپر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اُنھوں نے 58 رنز بنائے۔ زمبابوے کی آخری وکٹ مجموعی اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ کرسکی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے تیز باؤلر اعزاز چیمہ نے زمبابوے کی آخری دونوں وکٹیں لینے کے بعد دوسری اننگز میں چار اور میچ میں مجموعی طور پر8 وکٹیں حاصل کیں۔

جمعرات کو شروع ہونے والے اس واحد ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی اور زمبابوے کی پوری ٹیم 412 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

زمبابوے کی طرف سے ٹینو ماویو نے 163 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں مہمان ٹیم میچ کے چوتھے روز 466 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے افتتاحی بلے باز محمد حفیظ نے 119، یونس خان نے88، اظہر علی نے 75 اور کپتان مصباح الحق نے 66 رنزبنائے۔

زمبابوے نے دوسری اننگز 54 رنز کے خسارے پر شروع کی لیکن پاکستانی باؤلروں کی شاندار کارکردگی کی بدولت 69 کے مجموعی اسکور پراُس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس مرحلے پر ٹائیبو اور جارویس کے درمیان 66 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت چوتھے دن کھیل کے اختتام پر زمبابوے کا مجموعی اسکور 135 تھا۔

لیکن اعزاز چیمہ نے یہ پارٹرنرشپ پانچویں دن کھیل شروع ہوتے ہی پہلے اوور میں توڑ دی جس کے بعد میزبان ٹیم کے تمام کھلاڑی 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے چار اور سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG