رسائی کے لنکس

بہاماس میں ہلاک ہونے والے پاکستانی امریکی جوڑے کی یاد میں فلاحی ٹرسٹ


اٹارنی محمد ملک اور ڈاکٹر نورگل، فائل فوٹو
اٹارنی محمد ملک اور ڈاکٹر نورگل، فائل فوٹو

تفریحی مقام بہاماس میں سمندری حادثے میں ہلاک ہونے والے نیویارک کے نوبیاہتا پاکستانی جوڑے اٹارنی محمد ملک اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر نور گل کے والدین نے ان کی یاد میں پاکستان میں ایک فلاحی اسپتال کے قیام اور مستحق طلبا کے لئے اسکالر شپ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جب کہ لا فرم اولشن نے، جہاں اٹارنی ملک کام کرتے تھے، کارنیل یونیورسٹی میں ان کے نام پر، محمد اینڈ نور اسکالر شپ قائم کردیا ہے۔

نیویارک میں مقیم اٹارنی محمد ملک کے والد کرنل مقبول ملک نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ہم دونوں خاندان مل کر حادثے کا شکار ہونے والے اٹارنی محمد ملک اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر نور گل کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں خاندان ایک ٹرسٹ قائم کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت پاکستان میں غریب مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ایک اسپتال قائم کیا جائے گا۔ اسپتال کے لیے علاقے اور جگہ کا تعین ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں قانون کی تعلیم کے لیے وظائف کا فنڈ بھی قائم کیا جائے گا، جو اس شعبے کے مستحق اور ذہین طلبا کی مالی معاونت کرے گا۔

ٹرسٹ کے لیے ابتدائی سرمایہ دونوں مرحومین کے بینک اکاونٹس میں موجود رقم سے اور دونوں خاندان مل کر فراہم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لا فرم اولشن نے ان کے بیٹے اور بہو کے نام پر کارنیل یونیورسٹی میں محمد اینڈ نور اسکالرشپ قائم کر دیا ہے جس کے تحت اسکالرشپ حاصل کرنے والے طالب علم کے ماسٹر ڈگری کورس کے تمام مالی اخراجات کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

اٹارنی محمد ملک اور ڈاکٹر نورگل کی شادی 24 اکتوبر کو ہوئی تھی اور 26 اکتوبر کو وہ ہنی مون کے لئے بہاماس روانہ ہوئے اور 28 اکتوبر کو دونوں ایک ساتھ سمندر کی لہروں کے نذر ہوگئے تھے۔

پاکستانی نژاد اٹارنی محمد ملک کے پاس امریکہ کی تین ریاستوں میں وکالت کا لائسنس تھا۔ انھوں نے نیویارک، ٹیکساس اور کیلی فورنیا کی بار کونسلوں کے امتحانات نمایاں پوزیشن کے ساتھ پاس کئے تھے۔ اور ان دنوں نیویارک کی معروف لاء فرم اولشن میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں حال ہی میں ترقی دے کر لیڈ اٹارنی بنایا گیا تھا۔ جب کہ ان کی اہلیہ نورگل بھی حال ہی میں اپنی ریذیڈنسی مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر بنی تھیں۔

XS
SM
MD
LG