رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے الزام میں پاکستانی نژاد امریکی گرفتار


شکاگومیں ایک پاکستانی نژاد امریکی کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ پاکستان میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں کو دھماکا خیز مواد کی خرایداری کے لیے پیسے بھیج رہا تھا۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ 1988ء میں امریکی شہریت حاصل کرنے والا 56سالہ راجہ لہراسب خان پاکستان میں الیاس کشمیری نامی دہشت گردسے مبینہ طور پر رابطے میں تھااور دونوں اطراف سے امریکہ میں کسی نامعلوم سٹیڈیم کو حملے کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

جمعے کے روز ملزم کو امریکی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تاہم سماعت کے بعد راجہ لہراسب خان کے وکیل نے میڈیا سے بات چیت کرنے سے گریز کیا۔

امریکی اٹارنی جنرل پیٹرک فٹزجیرالڈ کاکہنا ہے کہ شکاگو کو کوئی ”ناگزیر“ خطرہ نہیں ہے تاہم ان کے مطابق مذکورہ الزامات اس بات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلسل چوکنا رہنے کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کو مقامی حمایت یا مدد حاصل نہ ہوسکے۔

بتایا جاتا ہے کہ لہراسب خان نے شکاگو کی ایک ایکسچینج کمپنی سے الیاس کشمیری کو 950امریکی ڈالر بھیجے تاکہ وہ اس سے مبینہ طور پر ہتھیار اور دوسرا سازوسامان خرید سکے۔ الیاس کشمیری کے القاعدہ کے کم ازکم ایک رہنماء کے ساتھ قریبی تعلقات بتائے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG