رسائی کے لنکس

لندن فیسٹول: پاکستانی فلموں کی نمائش


ساوٴتھ ایشیا کی فلموں کو فروغ دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہرسال لندن میں ایشین فلم فیسٹول (ایل اے ایف ایف)منعقد کیا جاتا ہے اور اس سال سجنے والے لندن فلم فیسٹول کا حصہ بن رہی ہیں دو پاکستانی فلمیں ۔۔’تمنا‘ اور ’گڈمارننگ کراچی‘

لگتا کچھ یوں ہے کہ پاکستانی سینما کا سنہرا زمانہ ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔ ’زندہ بھاگ‘، ’بول‘ اور ’وار‘ جیسی فلموں نے نہ صرف دم توڑتی فلم انڈسٹری کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے، بلکہ عمدہ کہانی، ڈائریکشن اور ایکٹنگ کے حوالے سے بھی انٹرنیشنل لیول پر داد وصول کی۔یہی وجہ ہے کہ اب بین الاقوامی فلمی میلوں میں پاکستان کا نام بھی گونجنے لگاہے۔

’ڈان‘ اخبار کے مطابق، ساوٴتھ ایشیا کی فلموں کو فروغ دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہرسال لندن ایشین فلم فیسٹول (ایل اے ایف ایف)منعقد کیا جاتا ہے اور اس سال سجنے والے لندن فلم فیسٹول کا حصہ بن رہی ہیں دوپاکستانی فلمیں ۔۔’تمنا‘ اور ’گڈمارننگ کراچی‘۔

تمنا
پہلے بات ہوجائے فلم ’تمنا‘ کی۔ ’تمنا‘ کی نمائش 8جون کو فیسٹول میں کی گئی جبکہ پاکستان میں یہ فلم 13جون کو ریلیز کی جائے گی۔

’تمنا‘ کی کہانی فلمی دنیا میں نام کمانے کی جدوجہد کرنے والے ایک ایکٹر کے گرد گھومتی ہے ۔ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں سلمان شاہد ، عمیر رانا ، مہرین راحیل اور فریال گوہر۔

گڈمارننگ کراچی
ایل اے ایف ایف میں ’گڈمارننگ کراچی‘ کی اسکریننگ 14جون کو ہوگی۔صبیحہ سومار کی ڈائریکشن میں بنی ’گڈمارننگ کراچی‘ ایک ماڈل کی کہانی ہے جو فیشن ورلڈ میں جگہ بنانے کی کوششیں کرتی ہے۔فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی ماڈل اور ایکٹر آمنہ الیاس۔

لندن ایشین فلم فیسٹو ل کی کوآرڈی نیٹر راحیلہ فتح کا کہنا ہے کہ ایک اور پاکستانی فلم ’جوش‘ بھی فیسٹول میں دکھائی جانی تھی تاہم کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے فلم کی اسکریننگ نہ ہوسکی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی نژاد برطانوی کامیڈین نادیہ منظوربھی یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر میں ایک ڈاکیومینٹری کی نمائش کے موقع پر پرفارم کریں گی۔

ادھر ایک اور مقامی ویب سائٹ ’ہیپ ان پاکستان‘ کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستانی فلموں نے لندن کے فلمی میلے میں جگہ بنائی ہو۔ سال 2012میں پاکستانی فلموں نے 4ایوارڈز جیتے تھے اور ایسا فیسٹول کی تاریخ میں پہلی بار ہوا تھا کہ کسی ملک کی فلموں کو 4ایوارڈز سے نوازا گیا ہو۔

عمیمہ ملک اور شعیب منصور کو ’بول‘، امرکشمیری کو بہترین نئے ٹیلنٹ اور فلم ’تمنا ‘ کے گانے ’کوئی دل میں‘ پر راحت فتح علی خان کو بہترین میوزک ٹیلنٹ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

لندن ایشین فلم فیسٹول میں پوری دنیا سے منتخب کردہ 300 سے زیادہ فیچر، دستاویزی اور شارٹ فلمیں دکھائی جائیں گی۔ میلہ 14جون تک جاری رہے گا۔
XS
SM
MD
LG