رسائی کے لنکس

برطانیہ میں ثقافتی تقریب میں شرکت پر صدر مسعود کو تنقید کا سامنا


پاکستانی کشمیر کے صدر سردار مسعود حان۔ فائل فوٹو

صدر سردار مسعود خان ان دنوں سرکاری دورے پر برطانیہ میں ہیں جہاں انہوں نے اتوار کے روز ایک تعلیمی منصوبے کی فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شرکت کی، جس میں رقص بھی شامل تھا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کو لندن میں تعلیمی ترقی کے لیے عطیات جمع کرنے کی ایک تقریب میں رقص کے دوران موجودگی کے باعث تنقید کا سامنا ہے۔

صدر سردار مسعود خان ان دنوں سرکاری دورے پر برطانیہ میں ہیں جہاں انہوں نے اتوار کے روز ایک تعلیمی منصوبے کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جس میں رقص بھی شامل تھا اور اس تقریب کی کچھ جھلکیاں اور پاکستان کے کئی نجی ٹی وی چینلز پر دکھائی گئیں۔

اس تقریب کی تصاوير فیس بک پر بھی پوسٹ کی گئیں، جس کے بعد سے کئی اخبارات میں صدر مسعود خان کی رقص والی تقریب میں مبینہ شرکت بحث مباحثے اور تنقید کا موضوع بنی ہوئی ہے۔

یہ تقریب برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن تعلیم کی بہتری سے متعلق ایک تنظیم کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

صدر مسعود خان کے ایک ترجمان فیصل خان نے وی او اے کو بتایا کہ اس تقریب میں موجود ایک نجی ٹی وی چینل کے نمائندے نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ رقص کے آغاز پر صدر مسعود خان تقریب سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ چوہدری لطیف اکبر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگائی جائے۔

پاکستانی کشمیر کے معروف تجزیہ کار عارف بہار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ صدر مسعود خان کا برطانیہ میں کسی ایسی تقریب میں شرکت کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ یہ تقریب کے منتظمین کی ذمہ داری تھی کہ وہ صدر کی حیثیت کا خیال رکھتے۔

عارف بہار نے کہا کہ انہیں ایک ایسی تقریب میں مدعو کرنا کسی سازش کا حصہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ برطانیہ میں کشمیر مخالف لابی بھی متحرک ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ صدر مسعود خان کو احتياط کرنی چاہیے تھی۔

سردار مسعود خان گزشتہ برس پاکستانی کشمیر کے صدر منتخب ہونے قبل چین اور اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر اور مستقل مندوب خدمات سرا نجام دے چکے ہیں ۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG