رسائی کے لنکس

وادی لیپا میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل


برفباری کے بعد وادی کشمیر کا ایک منظر
برفباری کے بعد وادی کشمیر کا ایک منظر

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی سرحدی وادی لیپا میں برف باری کے باعث لینڈ سلائڈنگ میں پھنسے ہوئے درجنوں افراد کو نکال کر محفوط مقامات پر پہنچا دیا ہے۔

دشوار گزار علاقے میں امدادی سرگرمیاں پاکستانی فوج کی مدد سے تکمیل کو پہنچیں۔

برف باری کے باعث وادی لیپا کے علاقے موجی میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس میں کئی افراد پھنس گئے۔ ان میں شادی کی ایک تقریب میں جانے والے ایک خاندان کی عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔

ریسکیو 1122 ھٹیاں بالا کے ایک عہدیدار ظاہر نے بتایا کہ موجی کا علاقہ دشوار گزار اور بلندی پر واقع ہے۔جہاں برفباری کے باعث درجہ حرارت صفر سے کافی نیچے چلا گیا تھا، اور فوج کی مدد کے بغیر پھنسے ہوئے افراد کی زندگی بچانا مشکل تھا۔

حکام کے مطابق 40 افراد ہفتے کے روز شروع ہونے والی برفباری میں وادی لیپا جاتے ہوئے راستے میں پھنس گئے تھے۔ جہاں انہیں شديد موسم کا سامنا تھا اور سخت سردی کے باعث ان کی زندگیوں کے لیے خطرات پیدا ہو گئے تھے۔ جس کے بعد فوج سے مدد مانگی گئی جس نے برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ میں پھنس جانے والے افراد کو وہاں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچا دیا۔

وادی لیپا پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے صدرمقام مظفرآباد سے لگ بھگ ایک سو کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ وادی کو ملانے والے راستے کچے اور دشوار گزار ہیں جو سردیوں میں برف باری کے باعث کئی مہینوں کے لیے بند ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کا رابطہ بیرونی دنیا سے کٹ جاتا ہے اور انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

XS
SM
MD
LG