رسائی کے لنکس

کوائف کی تصدیق کے بعد بھارت میں حسنین کی رہائی کا عمل شروع ہو جائے گا


بھارتی جیل میں قید لاہور کا حسنین
بھارتی جیل میں قید لاہور کا حسنین

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے حراستی مرکز فرید کوٹ میں قید مبینہ پاکستانی سپیشل بچے حسنین سے پاکستان ہائی کمیشن کے حکام رابطے میں ہیں۔

اس بچے کے حوالے سے پاکستانی میڈیا پر اطلاعات آئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ لاہور کا رہائشی بولنے سننے سے محروم بچہ حسنین اس وقت بھارت کے ایک حراستی مرکز میں قید ہے۔

اس حوالے سے دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن اس بچہ کے حوالے سے بھارتی حکام کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی قونصلر فوزیہ منظور اکیس نومبر کو حسنین کو مل بھی چکی ہیں۔ اس ملاقات کے دوران حسنین کو بانیِ پاکستان کی تصویر اور پاکستانی کرنسی دکھائی گی جو اس نے فوراً پہچان لی۔

ترجمان کے مطابق یہ بچہ اردو سمجھتا بھی ہے اور کچھ الفاظ لکھ بھی سکتا ہے لیکن ہندی زبان لکھنے سے یہ بچہ مکمل طور پر نابلد ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بطور پاکستانی حسنین کے کوائف تصدیق کے لئے بھیجے گۓ ہیں جن کی پاکستان سے تصدیق کے بعد بچے کی رہائی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

حسین کی رہائی کے لئے پاکستانی ہائی کمیشن بھارتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس سلسلہ میں پاکستانی دفتر خارجہ اور وزارت داخلہ کے ساتھ بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔

اس بچے کو بھارتی حکام نے 17 مئی کو حراست میں لیا تھا جبکہ لاہور میں موجود بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ حسنین جاوید 2 مئی سے لاپتہ تھا، وہ پاکستان سے بھارت کس طرح پہنچا وہ اس سے مکمل لاعلم ہیں۔

اس بچے کے حوالے سے بھارتی حکام نے بھی پاکستانی وزارت داخلہ سے رابطہ کیا تھا کہ اس بچے کے والدین کی تلاش کی جائے اور اب لاہور میں اس کے والد جاوید اور ماں عشرت بی بی کو تلاش کرلیا گیا ہے اور بچے کی جلد واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اکثر افراد غلطی سے سرحد عبور کرجاتے ہیں لیکن ان کی واپسی کے لیے ایک طویل عمل سے گزرنا پڑتا ہے جس میں دونوں ممالک کے دفتر خارجہ اور داخلہ کا عمل دخل ہوتا ہے۔

نومبر میں بھی دو خواتین اور ایک بچی حنا کو پاکستان لایا گیا تھا، حنا بھارتی جیل میں پیدا ہوئی تھی ،جہاں اس کی ماں اور خالہ منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں قید تھیں۔

XS
SM
MD
LG