رسائی کے لنکس

واشنگٹن میں حمایت علی شاعر کے ساتھ ایک شام


واشنگٹن میں حمایت علی شاعر کے ساتھ ایک شام
واشنگٹن میں حمایت علی شاعر کے ساتھ ایک شام

حمایت علی شاعر پاکستان کی ایک معروف ادبی شخصیت ہیں، جنہوں نے شاعری کے ساتھ ساتھ اردو ادب کی دیگر کئی اصناف میں بھی قابل قدر خدمات سرانجام دیں ہیں جن میں نغمہ نگاری، صحافت، ریڈیو ، کالم نگاری، اور غزل اور نعت پر تحقیقی کام شامل ہے۔ گذشتہ دنوں واشنگٹن کے ادبی مرکز کے زیر اہتمام ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔

اردو زبان و ادب سے محبت کرنے والوں کے لئے حمایت علی شاعر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ لیکن امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں منعقد ہونے والی اس محفل میں پاکستان کی اس نامور ادبی شخصیت کی خدمات کو سراہنے اور ان کی زندگی کے بارے میں مزید جاننے والوں کا اشتیاق اپنے عروج پر تھا ۔

تحقیقی ، علمی اور ادبی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ 60کی دہائی میں حمایت صاحب نے ریڈیو اور فلمی دنیا کے لئے نغمہ نگاری بھی کی اور ان کے لکھے ہوئے فلمی گیت بےحد مقبول ہوئے۔ واشنگٹن کے مقامی فنکاروں نے حمایت علی شاعر کو ان کے لکھے ہوئے گیت گا کر خراج تحسین پیش کیا ۔

منتظمین کے مطابق پروگرام کا مقصد امریکہ میں اردو زبان و ادب کا فروغ تھا ۔

پروگرام کے منتظم زاہد بابر کا کہناتھا اس پروگرام کے ذریعے ہم لوگوں کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حمایت علی شاعر نے اپنا ادبی سفر کیسے طے کیا اور کس طرح اردو ادب کے آسمان پر ایک چمکتا ہوا ستارہ بن گئے۔

حمایت علی شاعرکا ، جو اس تقریب میں شرکت کرنے بطورِ خاص کینیڈا سے آئے تھے ، کہنا تھا کہ اردو سے محبت کرنے والے باذوق لوگوں کو واشنگٹن میں دیکھ کر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی ہے ۔

حمایت علی شاعر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسی تقریبات بہت کم ہوتی ہیں جن میں اتنی بڑی تعداد میں اعلیٰ ادبی ذوق رکھنے والے افراد موجود ہوں۔ مجھے اس پربہت خوشی ہوئی کہ یہاں رہ کر بھی آپ لوگ ادب اور شاعری سے اتنی دلچسپی رکھتے ہیں۔

تقریب میں واشنگٹن ، ریاست ورجینیا اور میری لینڈ میں رہنے والے جنوبی ایشیائی باشندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

XS
SM
MD
LG