رسائی کے لنکس

محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر


محمد حفیط نے کیریئر کے 54 ٹیسٹ میچوں میں تین ہزار چھے سو چوالیس رنز بنائے۔
محمد حفیط نے کیریئر کے 54 ٹیسٹ میچوں میں تین ہزار چھے سو چوالیس رنز بنائے۔

محمد حفیظ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں سترہ اکتوبر سنہ انیس سو اسی کو پیدا ہونے ہوئے۔ انہوں نے بائیس سال کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

پاکستان کی قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ محمد حفیظ کو نیوزی لینڈ کے خلاف خراب کارکردگی پر سخت تنقید کا سامنا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

محمد حفیظ جنہیں اُن کے ساتھی کھلاڑی پروفیسر صاحب بھی کہتے ہیں کا کہنا تھا کہ انہوں نے پندرہ سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے۔ کرکٹ کے اس سفر میں جس جس نے انکی رہنمائی کی وہ اس کے شکر گزار ہیں۔ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے محمد حفیظ نے اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں، پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ “امید کرتا ہوں پاکستان ٹیم مستقبل میں بہت اچھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گی۔ اپنے فیصلے سے قومی ٹیم کے سلیکٹرز کو آگاہ کر دیا ہے”۔

اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ جہاں سے انہوں نے کرکٹ شروع کی وہ ان کرکٹ کلبوں، اپنی فیملی اور اپنے مداحوں کے بھی شکر گزار ہیں۔ “میرے لیے ایک یہ مشکل فیصلہ تھا۔ میں اب اپنی تمام تر توجہ محدود اووز کی کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتا ہوں”۔

محمد حفیظ نے رواں سال حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارم کیا تھا۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے ایک سو چھبیس رنز کی اننگز کھیلی لیکن بعد کے میچوں میں وہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ سیریز کے باقی میچز اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں وہ مجموعی طور پر چھیاسٹھ رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے محمد حفیظ کی ریٹائیرمنٹ پر جاری کردہ بیان میں اُنکے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حفیظ نے ٹیسٹ میچوں میں بہت سے یادگار اور میچ وننگ اننگز کھیلی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی خدمات کو لمبے عرصے تک یاد رکھے گا۔

محمد حفیظ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں سترہ اکتوبر سنہ انیس سو اسی کو پیدا ہونے ہوئے۔ انہوں نے بائیس سال کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔ پہلی اننگز میں وہ صرف دو جبکہ دوسری اننگز میں پچاس رنز بنا سکے۔ اپنے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پشاور میں دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کیرئیر کی پہلی سنچری ناٹ آوٹ ایک سو دو رنز اسکور کی۔ محمد حفیظ نے گال میں جون سنہ دو ہزار بارہ میں سری لنکا کے خلاف بطور کپتان واحد ٹیسٹ کھیلا۔ جس میں پاکستان کو دو سو نو رنز سے شکست ہوئی۔

محمد حفیظ کے کیرئیر کی بہترین ٹیسٹ سیریز متحدہ عرب امارات میں 15-2014 میں نیوزی لینڈ کے خلاف رہی، جہاں دو ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے 139.33کی اوسط سے 418 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ کا سب سے زیادہ اسکور دو سو چوبیس رنز ہے۔ محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ میں ترپن وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے چون ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں اڑتیس اعشاریہ پانچ تین کی اوسط سے تین ہزار چھ سو چوالیس رنز بنائے۔ محمد حفیظ کی ٹیسٹ میچوں میں دس سنچریاں اور بارہ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG