رسائی کے لنکس

تمام طرح کے چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستانی پرعزم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے اکثر لوگوں کا ماننا ہے کہ اگرچہ اب بھی پاکستان کو ملک بھر میں امن و امان کی مکمل بحالی کا چیلنج درپیش ہے تاہم پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے۔

پاکستان میں اتوار کو ملک کا سترواں یوم آزادی منایا گیا اور اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر ہونے والے تقریبات میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ملک میں عام تعطیل کی وجہ سے سرکاری اور تجارتی ادارے بند ہیں لیکن اس موقع پر مختلف شہروں میں سرکاری اور نجی عمارتوں اور بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور پاکستانی پرچم سے سجایا گیا جبکہ گزشتہ رات سے بڑی بڑی عمارتوں پر برقی روشنی سے چراغاں بھی کیا گیا۔

پاکستان کو گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے توانائی کے بحران اور دہشت گردی سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کی معیشت دباؤ کا شکار رہی۔ تاہم حالیہ سالوں میں نا صرف ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی بلکہ ملکی معیشت میں بہتری کے آثار نظر آئے جس کی وجہ سے پاکستان کے اکثر لوگوں کا ماننا ہے کہ اگرچہ اب بھی پاکستان کو ملک بھر میں امن و امان کی مکمل بحالی کا چیلنج درپیش ہے تاہم پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے معروف نثرنگار اور شاعر امجد اسلام امجد نے کہا کہ،" میں یہ سمجھتا ہوں کہ جب کوئی قوم بنتی ہے ایک معاشرہ بنتا ہے تو بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن عمومی طور اگر دیکھا جائے تو یقینناً پاکستان نے ایسی ترقی تو نہیں کی ہے جیسی ہم نے سوچی تھی لیکن یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ ہم نے ترقی نہیں کی ہے ہم نے زندگی کے مختلف شعبوں میں بہت اچھی کارگردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ا گر ہم (اپنے) نظام اور اداروں کو بہتر بنا لیں تو بلاشبہ اپنے ماضی کی کمی کو دور کر سکتے ہیں بلکہ ہم اس معاشرے کو بہت آگے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لے جا سکتے ہیں"۔

اسی قسم کے خیالات کا اظہار ناول نگار ابدال بیلا نے بھی کیا۔

" پاکستان یقینناً آگے بڑھ رہا ہے اور بنیادی طور پر پہلا کام یہ ہوتا ہے کہ اس کی سمت درست ہو جائے اور میرا خیال ہے ان چند سالوں میں اس کا رخ ٹھیک ہو گیا ہے۔ اس میں بے شمار اس میں قربانیاں دی گئیں اور دے بھی رہے ہیں ۔۔۔لیکن اب اس کی سمت درست ہو گئی۔ یہ جو پاکستان چین اقتصادی راہداری ہے یہ پاکستان کے تمام لوگوں کے لیے ایک بہت بڑا معاشی موقع ہے"۔

اسلام آباد کی رہائشی فائزہ مظہر نے یوم آزادی پر اپنے ملک کے لیے امید کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ، "پاکستان ایک چھوٹا سا ملک ہے اور یہاں پر ہر چیز بہت واضح طور پر نطر آ جاتی ہے ۔۔۔مسائل ہر جگہ پر ہیں یہ اور بات ہے کہ وہاں اتنا زیادہ ان چیزوں کا ذکر نہیں کیا جاتا اس لیے ان کا پتہ نہیں چلتا ہے۔ یہ درست ہے کہ حالات درست نہیں ہیں لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ آپ منفی طور ہی سوچتے رہیں کہ یہ اسی طرح رہیں گے۔ آپ کوشش کریں تو چیزیں ٹھیک ہو جاتی ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس طرح کی صورت حال درپیش ہو تو آپ اپنا گھر چھوڑ دیں اور کہیں اور چلے جائیں، بلکہ مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ تنقید کرنا آسان ہوتا ہے لیکن مسائل کو حل کرنا تھوڑا مشکل ہے لیکن میں بہت پر امید ہوں"۔

امجد اسلام امجد نے کہا کہ پاکستان کے مسائل پاکستانیوں نے ہی حل کرنے ہیں باہر سے آ کر کوئی انہیں حل نہیں کرے گا اور اگر ان کے بقول ہم نے ہی انہیں حل کرنا ہے تو کیوں نا آج کے دن سے ہی ہر شخص اس کی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا شروع کر دے اور اپنے اپنےحصے کی شمع روشن کرے۔

XS
SM
MD
LG