رسائی کے لنکس

logo-print

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی


پاکستان کے ویٹ لفٹر طلحیٰ طالب نے 62 کلوگرام کیٹگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

کامن ویلتھ گیمز 2018 آسٹریلیا کے شہر کوئینز لینڈ میں جاری ہیں۔ 4 سے 15 اپریل تک کھیلے جانے والے ان مقابلوں میں پاکستان کا 56 کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ شریک ہے جن میں 46 مرد اور 10 خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کی اب تک ان کھیلوں میں کارکردگی خاصی مایوس کن رہی ہے اور صرف دو کھلاڑی کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان نے یہ دونوں تمغے ویٹ لفٹنگ میں حاصل کئے۔ ان میں طلحیٰ طالب نے 62 کلوگرام اور محمد نوح دستگیر بٹ نے 105 کلوگرام کیٹگری میں یہ کانسی کے تمغے جیتے۔

ہاکی:

ہاکی میں پاکستان نے اب تک تین میچ کھیلے ہیں اور تینوں ڈرا رہے۔ یوں پاکستان کی ہاکی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان نے پہلا میچ 5 اپریل کو ویلز کے خلاف کھیلا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دوسرا میچ پاکستان نے 7 اپریل کو بھارت کے ساتھ دو دو گول کے ساتھ برابری پر ختم کیا اور تیسرا میچ 8 اپریل کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا گیا اور یہ میچ بھی دو دو گول سے برابر رہا۔

پاکستان کی ٹیم پول B میں شامل ہے اور اس پول سے انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں سات سات پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔

ایتھلیٹکس میں نجمہ پروین 200 میٹر اور 400 میٹر دوڑ کی ابتدائی ہیٹ میں 33 ویں اور 31 ویں نمبر پر رہیں اور یوں مقابلے سے خارج ہوگئیں۔ نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں ارشد ندیم حصہ لے رہے ہیں۔

بیڈمنٹن:

سنگلز مقابلوں میں مراد علی ابتدائی راؤنڈ میں ہی سری لنکن کھلاڑی سے شکست کھا گئے۔ عرفان بھٹی کو ابتدائی راؤنڈ میں بائی ملی ہے۔ پلوشا بشیر اپنے ابتدائی راؤنڈ میں ماریشئس کی کھلاڑی سے ہار کر باہر ہوگئی ہیں جبکہ مہور شہزاد نے فیجی کے کھلاڑی کے خلاف 2-0 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالی فائی کیا ہے۔

مینز ڈبلز میں مراد علی اور عرفان بھٹی آسٹریلوی کھلاڑیوں سے ابتدائی راؤنڈ میں شکست کھا گئے۔ اسی طرح مکسڈ ڈبلز میں بھی پلوشا بشیر اور عرفان بھٹی کی جوڑی ماریشئس سے اور مہور شہزاد اور مراد علی کی جوڑی سکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں سے ہارنے کے بعد مقابلے سے باہر ہوگئی ہے۔ خواتین کے ڈبلز میں پلوشا بشیر اور مہور شہزاد اپنا ابتدائی میچ سری لنکن جوڑی کے خلاف کھیلیں گی۔

باکسنگ:

52 کلوگرام کیٹگری میں محمد آصف نے دوسرا راؤنڈ کینیا کے خلاف 4-1 سے جیت لیا ہے۔ یوں کوارٹر فائنل میں اُن کا مقابلہ سکاٹ لینڈ کے باکسر سے ہوگا۔ 60 کلوگرام میں علی احمد کو ابتدائی راؤنڈ میں بائی مل گئی۔ تاہم، دوسرے راؤنڈ میں وہ انگلینڈ کے باکسر سے 0-5 سے شکست کھانے کے بعد مقابلے سے باہر ہو گئے ہیں۔ 69 کلوگرام کیٹگری میں گل زیب ابتدائی میچ میں 3-2 سے کامیابی کے بعد دوسرے میچ میں شمالی آئرلینڈ کے باکسر سے 0-5 سے ہار گئے۔ 81 کلوگرام کیٹگری میں اویس علی خان کو پہلے دونوں راؤنڈ میں بائی ملی ہے۔ یوں وہ کوارٹر فائنل میں ساموا کے باکسر سے مقابلہ کریں گے۔

شوٹنگ:

شوٹنگ کے مردوں کے مقابلے میں پاکستان کے سات شوٹرز میں سے کوئی بھی پہلے مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکا۔ اسی طرح خواتین شوٹرز میں منہال سہیل اور محوش فرحان بھی ابتدائی مقابلے میں ہی باہر گئیں۔

سکواش:

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں طیب اسلم اور فرحان زمان اپنے ابتدائی میچ جیت گئے۔ لیکن دوسرے مرحلے میں دونوں کو شکست ہو گئی۔ خواتین کے سنگلز میں مدینہ ظفر بھی ابتدائی راؤنڈ میں ویلز کی کھلاڑی سے ہار گئیں۔

خواتین کے ڈبلز میں فائزہ ظفر اور مدینہ ظفر اپنا پہلا میچ بھارتی کھلاڑیوں سے 2-1 کے سکور سے ہار گئیں۔ مکسڈ ڈبلز میں فائزہ ظفر اور فرحان زمان نے پہلے میچ میں گیانا کے کھلاڑیوں کو 2-0 سے شکست دی جبکہ مدینہ ظفر اور طیب اسلم کی جوڑی پہلے میچ میں بھارتی کھلاڑیوں سے شکست کھا گئی۔

سومنگ:

سومنگ میں پاکستان کی نمائندگی سید طارق اور بسمہ خان نے کی اور یہ دونوں ابتدائی مقابلہ ہارنے کے بعد باہر گئے۔

ٹیبل ٹینس:

مردوں کے سنگلز میں فرہاد خواجہ اپنے پہلے دونوں میچ ہار گئے جبکہ محمد رمیز نے پہلے میچ میں باربیدوس اور دوسرے میں کینیا کے خلاف 4-0 سے کامیابی حاصل کی۔ خواتین کے سنگلز میں حریم علی اپنے دونوں ابتدائی میچ ہار گئیں جبکہ فاطمہ خان نے پہلے میچ میں شکست کھانے کے بعد دوسرے میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی۔

ریسلنگ میں پاکستان کے پانچ ریسلر حصہ لے رہے ہیں اور یہ مقابلے ہونا باقی ہیں۔

مجموعی طور پر پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت آسٹریلیا سر فہرست ہے جس نے سونے 50، چاندی کے 38 اور کانسی کے 42 تمغے جیت رکھے ہیں۔ انگلینڈ 24 سونے، چاندی کے 29 اور کانسی کے 21 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کی تیسری پوزیشن ہے۔ بھارت نے اب تک سونے کے 11 ، چاندی کے 4 اور کانسی کے 6 تمغے حاصل کر رکھے ہیں۔ پاکستان دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر 28 نمبر پر ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG