فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں نے منگل کو ’یومِ غضب‘ منایا ہے جس میں سیکڑوں لوگ شریک ہوئے۔ اس دوران کچھ گروہوں کی اسرائیلی افواج سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین امریکہ کی اسرائیل اور فلسطین سے متعلق نئی پالیسی پر احتجاج کر رہے تھے۔
'یومِ غضب' منانے والے فلسطینی مظاہرین کی اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپیں
1
فلسطین میں مظاہرین اس اعلان پر احتجاج کر رہے تھے کہ امریکہ اب اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ اسرائیلی بستیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
2
مغربی کنارے کے شہر رملہ میں تقریباً 2000 فلسطینی اکٹھے ہوئے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تصویری پوسٹروں کے علاوہ اسرائیلی اور امریکی جھنڈے بھی نذر آتش کیے۔
3
مظاہرین نے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ ’’ٹرمپ کا مواخذہ ہو رہا ہے (اسرائیلی وزیر اعظم بینجامن) نیتن یاہو جیل جا رہے ہیں، قبضہ ختم ہوگا اور ہم اپنی سرزمین پر ہی رہیں گے۔‘‘
4
اس دوران اسکول، یونیورسٹیاں اور سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے تھے جب کہ مغربی کنارے کے دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔