رسائی کے لنکس

اسرائیلی فوجی پر وار کرنے والا فلسطینی، فائرنگ سے شدید زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک بیان میں اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اسرائیلی فوجی اس واقعے میں معمولی زخمی ہوا ہے۔

اسرائیل کی سکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ ایک فلسطینی جس نے جمعرات کو مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی فوجی پر چاقو سے وار کیا تھا گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ہے۔ علاقے میں کئی ہفتوں سے جاری تشدد کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

ایک بیان میں اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اسرائیلی فوجی اس واقعے میں معمولی زخمی ہوا ہے۔

فلسطین میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں 11 اسرائیلی جبکہ 58 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اکثر فلسطینی اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ اسرائیلی شہریوں، پولیس اور فوج کے اہلکاروں کو گولی مارنے یا ان پر چاقو سے وار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

تشدد کے واقعات میں اس وقت اضافہ ہوا جب فلسطینی علاقوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ اسرائیل مشرقی یروشلم میں واقع مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے ایک مقدس مقام پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیل نے مسلسل ان افواہوں کی تردید کی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر نے بدھ کو کہا کہ اگر اسے فوراً نہ روکا گیا تو تشدد ’’تباہی کے قریب پہنچ جائے گا۔‘‘

زائد رعد الحسین نے کہا کہ ’’وہ لوگ جو ایک دوسرے سے ڈرتے ہیں، جو ایک دوسرے کے عزائم سے ڈرتے ہیں اور مستقبل سے ڈرتے ہیں۔ اگر ان خدشات کو فوراً نہ روکا جائے تو یہ اتنے خام اور اتنے سخت ہو جاتے ہیں کہ انسانیت کی بہت سی اقدار ضمنی بن کر رہ جاتی ہیں۔‘‘

جینیوا میں انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے زائد رعد الحسین نے تشدد کی ذمہ داری دونوں فریقین پر عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کیا ہے جبکہ فلسطینیوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے یہودی آبادکاروں پر پرتشدد حملے کیے ہیں۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے انسانی حقوق کونسل سے خطاب کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو اسرائیلیوں سے بچانے کے لیے ’’خصوصی اقدامات‘‘ کریں۔

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے عباس کے بیان کو مذاکرات کی خواہش کی بجائے ’’پروپیگنڈا اور تشدد کی ترغیب‘‘ کہہ کر مسترد کیا ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے بھی گزشتہ ہفتے اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں مگر انہوں نے کسی ایک فریق کو تشدد کا ذمہ دار ٹھہرانے سے احتراز کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرفین کو ’’مضبوط اور تخلیقی قیادت‘‘ کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG