رسائی کے لنکس

اسرائیل: فلسطینی شخص کے حملے میں امریکی سیاح ہلاک


جہاں یہ واقعہ پیش آیا اس سے کچھ ہی فاصلے پر امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن سابق اسرائیلی صدر شیمون پریز سے ملاقات کر رہے تھے۔ پریز نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب امن مذاکرات ہی اس کا واحد حل ہیں۔

اسرائیل میں ایک فلسطینی نے چاقو سے حملہ کر کے ایک امریکی سیاح کو ہلاک اور دیگر 12 افراد کو زخمی کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق منگل کو تل ابیب کے قریب مشہور سیاحتی مقام جافا میں اس شخص نے اچانک لوگوں پر چاقو سے وار کرنا شروع کیے لیکن اس دوران پولیس نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مرنے والے امریکی شہری کی شناخت ٹیلر ایلن فورس کے طور پر کی ہے اور اس حملے کو "بے حس" کارروائی قرار دیا۔

حملہ آور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے سے تھا۔

جہاں یہ واقعہ پیش آیا اس سے کچھ ہی فاصلے پر امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن سابق اسرائیلی صدر شیمون پریز سے ملاقات کر رہے تھے۔

پریز نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب امن مذاکرات ہی اس کا واحد حل ہیں۔

"دہشت، نہ ہی عربوں اور نہ ہی ہمیں کہیں لے کر جائے گی۔ لوگوں کی اکثریت جانتی ہے کہ دو ریاستی حل کے علاوہ (تنازع) کا کوئی متبادل حل نہیں۔۔۔اور ہم اپنی طاقت اور لگن سے اسے ایک حقیقت بنائیں گے۔"

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ آئندہ جنوری میں اپنے دور اقتدار کے ختم ہونے تک اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کوئی جامع امن معاہدہ متوقع نہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نائب امریکی صدر بھی اسرائیل کے دورے میں امن سے متعلق کسی نئی جہت پر بات نہیں کر رہے۔

حالیہ مہینوں میں اسرائیل اور فلسطین میں تشدد کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں جن میں اب تک 28 اسرائیلی، دو امریکی اور اریٹیریا کا ایک شہری ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ کم از کم 177 فلسطینی بھی مارے گئے۔

اسرائیلی پولیس کا موقف رہا ہے کہ مارے جانے والے فلسطینیوں میں سے اکثریت ایسی ہے جنہیں حملوں کے دوران جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG