رسائی کے لنکس

امریکہ یروشلم کو اسرائیل کادارالحکومت تسلیم نا کرے: فلسطینی عہدیدار


یروشلم کا قدیم شہر (فائل)
یروشلم کا قدیم شہر (فائل)

فلسطینیوں نے امریکہ سے یروشلم کواسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نا کرنے پر زور دیا ہے ۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے مشیر محمود حباش نے ہفتہ کو کہا کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسا کیا تو یہ اقدام "امن عمل کی مکمل تباہی" کا باعث بن سکتا ہے۔

عباس کی موجودگی میں بات کرتے ہوئے حباش نے کہا کہ یروشلم کی حیثیت میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں "دنیا کو اس (اقدام)کی قیمت ادا کرنی پڑی گی"۔

واشنگٹن میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ یروشلم کو اسرائیل کے دارالحکومت کی طور پر تسلیم کرنے پر اس لیے غور کررہے ہیں تاکہ اپنی صدارتی انتخابی مہم کے دوران امریکی سفارت خانے کو وہاں منتقل کرنے کے اپنے وعدہ کو ایفا کرنے میں تاخیر کے تاثر کو ختم کر سکیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صداراتی مہم کے دورا ن وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر بننے کے بعد تل ابیب میں قائم امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کردیں گے۔

اسرائیل یروشلم کو اپنا دارالحکومت قرار دیتا ہے اور اقو ام متحدہ سمیت تقریباً تمام دنیا یہ کہتے ہوئے ا س موقف کو مسترد کرتی ہے کہ اس کی حیثیت فلسطینیوں کے ساتھ امن بات چیت میں طے ہونی چاہیے۔

فلسطینی یروشلم کے مشرقی حصے کو اپنا مستقبل کا دارالحکومت قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG