رسائی کے لنکس

پاناما لیکس درخواستوں کی سماعت لارجر بینچ کرے گا


گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے اہل خانہ سمیت تمام فریقوں کو نوٹس جاری کیے تھے۔

پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے پاناما لیکس سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی زیر صدارت قائم کیا گیا پانچ رکنی بینچ پاناما لیکس سے متعلق معاملے کی سماعت یکم نومبر کو کرے گا۔

گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے اہل خانہ سمیت تمام فریقوں کو نوٹس جاری کیے تھے۔

حزب مخالف کی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ نے پاناما لیکس کے معاملے پر عدالت عظمیٰ سے رجوع کر رکھا تھا۔

اپریل میں پاناما پیپرز کے حوالے سے سامنے آنے والے انکشافات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے دو بیٹوں حسین اور حسن نواز کے علاوہ بیٹی مریم نواز کا نام بھی اُن افراد کی فہرست میں شامل تھا جن کی بیرون ملک ’آف شور‘ کمپنیاں ہیں۔

ان انکشافات کے بعد حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے حکومت پر شدید دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اس معاملے تحقیقات کرائے لیکن تحقیقات کے طریقہ کار پر اتفاق نا ہو سکا۔

تاہم عدالتی کارروائی کے آغاز کا وزیراعظم نواز شریف نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور مکمل شفافیت پر کامل یقین رکھتا ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ حزب مخالف کی جماعت تحریک انصاف نے پاناما پیپزر کے معاملے کی تحقیقات نہ ہونے پر دو نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

حکومت کا موقف ہے کہ اب جب کہ سپریم کورٹ میں یہ معاملہ زیر سماعت ہے تو تحریک انصاف کے احتجاج کا کوئی جواز نہیں۔

XS
SM
MD
LG