رسائی کے لنکس

کیا کسی سی ای او کو ملنے والا معاوضہ کرونا وائرس کی وجہ سے کم ہوگا؟


فائل
فائل

امریکہ کی بڑی بڑی کمپنیوں میں گزشتہ سال سی اِی او کی تنخواہ کا سالانہ پیکج بارہ اعشاریہ تین ملین ڈالر رہا، جس سے باس اور کارکنان کے درمیان خلا میں مزید اضافہ ہوا۔ یہ اعداد امریکہ میں سی ای او کو ملنے والے معاوضے کے بارے میں امریکی خبر رساں ادارے، اے پی کےسالانہ سروے میں سامنے آئے ہیں۔

سروے کے مطابق، گزشتہ سال ایک درمیانے درجے کی کمپنی کے سی ای او کے سالانہ معاوضےمیں چار اعشاریہ ایک فیصد اضافہ ہوا اور اسی عرصے کے دوران انہی کمپنیوں میں کام کرنے والے کارکنان کے سالانہ معاوضے میں تین اعشاریہ دو فیصد اضافہ ہوا۔

خبر رساں ادارے، اے پی کےسروے میں مرتب ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ ایکولر نامی ادارے نے کیا۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ ایک عام کارکن کو اپنے سی ای او جتنی رقم کمانے میں دو زندگیاں لگ جائیں گی، یا یوں کہہ لیں کہ ایک سو انہتر برس۔

اے پی نے اس سروے کا آغاز سن دو ہزار گیارہ میں کیا تھا، تب سے پہلی مرتبہ اس سال کوئی خاتون سی ای او اس وقت اول درجے پر ہیں۔ لیزا سو ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز کی سی ای او ہیں، اور ان کا سالانہ معاوضہ اٹھاون اعشاریہ پانچ ملین ڈالر ہے۔ ان کی قیادت میں ان کی کمپنی کے سٹاک کی مسلسل دو برس سے ایس اینڈ پی فائیو ہنڈرڈ میں بہترین پرفارمنس رہی ہے۔

ورنہ چوٹی کا معاوضہ حاصل کرنے والوں میں والٹ ڈزنی کے رابرٹ ایگراور رِیڈ ہیسٹنگز جیسے وہی جانے پہچانے نام ہیں۔

ویسے تو سی ای او کی فہرست میں ایلفابیٹس نامی کمپنی کے سندر پیچائی اور اِنٹیل کے رابرٹ سوان کے سالانہ پیکج، لیزا سو سے زیادہ ہیں، لیکن ان کے نام اس لئے شامل نہیں کئے گئے کیونکہ اے پی صرف ایس اینڈ پی فائیو ہنڈرڈ میں شامل کمپنیوں کے سربراہوں کا سروے کرتی ہے، جو اپنی کمپنی کے ساتھ کم از کم گزشتہ دو سال سے وابستہ ہوں۔

ویسے تو اس سروے کے نتائج کرونا وائرس کی عالمی وبا پھیلنے سے پہلے کے ہیں، جس نے ہر شئے کو تہہ و بالا کر دیا ہے۔اب یہ امکان ہے کہ آمدن میں موجود عدم مساوات پر بڑھتا ہوا اشتعال، وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے وہ کچھ کر دکھائے جو گزشتہ برسوں میں نہیں ہو سکا، یعنی سی ای او کو ملنے والا معاوضہ کم ہو جائے۔

ملک بھر میں پھیلی کمپنیوں کےسینکڑوں سی ای او حضرات پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی تنخواہ کم کریں گے یا پھر بلکل نہیں لیں گے۔ دوسری جانب کرونا وائرس کی وجہ سے سٹاک منڈیوں اور عالمی معیشت میں پھیلی ہل چل، سی ای او حضرات کیلئے پرفامارمنس اہداف کے حصول میں مشکل پیدا کر سکتی ہے، انہیں ملنے والے سٹاک ایوارڈ اور بونسز کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، اور یہی سب کچھ کسی سی ای او کو ملنے والے معاوضے کا بڑا حصہ ہوتے ہیں۔

تاہم، اس کساد بازاری سے پہنچنے والے نقصان سے کسی سی ای او کو محفوظ رکھنے کیلئے کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹر اس کو ملنے والی مراعات اور معاوضے میں تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ مشیروں اور سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ بہت سی کمپنیوں کی بورڈ میٹنگز میں ایسی تبدیلیاں لانے پر پہلے سے ہی غور ہو رہا ہے، کیونکہ اس اچانک بحران کا کوئی بھی اندازہ نہیں کر سکا تھا۔

XS
SM
MD
LG