رسائی کے لنکس

امریکہ میں تعلیمی ادارے کھولنے کے معاملے پر شش و پنج


ٹیکساس کا ایک اسکول۔
ٹیکساس کا ایک اسکول۔

امریکہ میں نیا تعلیمی سال کچھ ہی ہفتوں میں شروع ہو جائے گا۔ بہت سی ریاستوں نے سکول کھولنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ تاہم، کرونا وائرس کی وجہ سے والدین، اساتذہ، طلب علموں اور انتظامیہ کے درمیان ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔ سکولوں کی انتظامیہ مختلف آپشنز پر بحث و مباحثہ کر رہی ہے۔

کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسیز کی وجہ سے امریکہ کی بہت سی ریاستیں سکول کھولنے کے بارے میں کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی ہیں۔ والدین کے لیے بھی یہ ایک مشکل سوال ہے کہ ان حالات میں بچوں کو سکول بھیجنا محفوظ ہوگا یا نہیں۔

ریاست ورجینیا کی کاونٹی فیر فیکس نے والدین سے پوچھا ہے کہ کیا وہ اپنے بچوں کو جزوی طور پر سکول اور آن لائین کلاسیں دلوائیں گے یا مکمل طور پر بچوں کو سکول بھیجنا پسند کریں گے؟ والدین کے لیے اس سوال کا کوئی آسان جواب نہیں۔

کچھ والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اپنے ہم جماعت ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کر نئے تعلیمی سال کا آغاز کریں، جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ حفاظتی تدابیر پر کلاس روم میں عمل کرنا مشکل ہوگا۔ اس کے ساتھ ان تحفظات کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے کہ ممکن ہے کہ متاثرہ بچوں میں علامات ظاہر نہ ہوں اور وہ گھر رہنے والے بزرگوں کے لیے خطرہ بن جائیں۔ چند والدین کا یہ بھی خیال ہے کہ آن لائین تدریس کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔ ڈیجیٹل کلاس روم کے تیکنیکی مسائل بھی ہوں گے۔

دوسری طرف اساتذہ کا بھی معاملہ ہے، کیوں کہ ان کی رائےبھی ضروری ہے کہ آیا وہ سکول جا کر بچوں کو براہ راست پڑھانا پسند کرتے ہیں یا نہیں؟ ورجینا ریاست کی آرلنگٹن کاونٹی کے ایک سکول میں پڑھانے والی ٹیچر انگر موران کہتی ہیں کہ میں نے کرونا وائرس کے بارے میں کافی پڑھا ہے اور اس کی وجہ سے مجھے کلاس روم جاتے ہوئے ڈر لگ رہا ہے، مجھے اندیشہ ہے کہ بچے ماسک نہیں پہنیں گے، چنانچہ مجھے اندیشہ ہے کہ مجھے کرونا وائرس آسانی سے لگ سکتا ہے۔ مجھے سکول کی عمارت میں کام کرنے والے لوگوں کے بارے میں تشویش ہے۔ ان میں تدریسی عملے کے علاوہ دیگر لوگ شامل ہیں، وہ بھی سخت خطرے میں ہوں گے۔ ان میں بس ڈرائیور اور چوکیدار شامل ہیں۔

آرلنگٹن سکول کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جزوی طور کلاسوں کے بجائے مکمل طور پر آن لائین تدریس کے راستے کو اپنائے گی۔ مگر ورجینا کی ریاست میں کچھ سکولوں کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ مکمل طور پر سکول کو کھولنا چاہتے ہیں۔

ریاست ورجینیا کے محکمہ تعلیم کے میڈیا ریلیشنز کے ڈائریکٹر چارلس بی پائیل کہتے ہیں کہ ہماری ریاست کے جنوب مغربی کونے میں دیہی سکول ڈویژن ہیں اور ان علاقوں میں کرونا وائرس زیادہ نہیں پھیلا ہے۔ شہروں کے مقابلے میں کرونا کا زور دیہاتوں میں زیادہ نہیں ہے۔ یہاں طلبا و طالبات اور اساتذہ کے لیے نئے ضوابط بنائے گئے ہیں۔

پائیل نے مزید کہا کہ ہمارے سکول ڈویژن کو دو منصوبے پیش کرنا ہوں گے۔ایک صحت کا اور دوسرا تعلیم کا۔ ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ کرونا کے پھیلاو کو روکا جائے۔

اسی طرح کے ملے جلے انتظامات اور فیصلے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، سکول کی انتظامیہ، والدین اور اساتذہ کے درمیان بحث و مباحثہ جاری ہے۔ کچھ مشہور شہر مثلاً سین ڈیاگو، لاس اینجلز اور اٹلانٹا نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مکمل آن لائین کلاسوں کا طریقہ اختیار کریں گے۔

اس کے علاوہ بہت سی ریاستیں اور شہر 'دیکھو اور انتظار کرو' کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

XS
SM
MD
LG