رسائی کے لنکس

برطانیہ: پارلیمان کی عمارت سے عملے کا انخلا، واپسی


فائل
فائل

پولیس ترجمان کے مطابق عمارت کی تلاشی اور 'کلیئر' کیے جانے کے بعد پارلیمان کے عملے کو دوبارہ عمارت میں داخلے کی اجازت دیدی گئی۔

برطانیہ میں پارلیمان کی عمارت میں ایک مشکوک پیکٹ کی اطلاع پر عمارت کے ایک حصے کو خالی کرالیا گیا ہے۔

لندن کی 'میٹروپولیٹن پولیس' کی ایک خاتون ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ پیر کی شام پارلیمان کی عمارت کے جس حصے کو خالی کرایا گیا اسے 'پورٹکولس ہاؤس' کہا جاتا ہے جہاں کئی ارکانِ پارلیمان کے دفاتر واقع ہیں۔

مذکورہ عمارت لندن کے مشہور زیرِ زمین میٹرو اسٹیشن 'ویسٹ منسٹر' کے اوپر واقع ہے۔ جائے واقعہ پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق میٹرو اسٹیشن کو بھی مسافروں سے خالی کرانے کے بعد کچھ دیر بند رکھا گیا تھا۔

ٹی وی چینلز پر نشر کیے جانے والے مناظر میں پارلیمان کی عمارت کے سامنے کی سڑک پر پولیس کی کئی گاڑیاں دیکھی گئیں جب کہ پولیس اہلکار عام لوگوں کو سڑک استعمال کرنے سے روک رہے تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق عمارت کی تلاشی اور 'کلیئر' کیے جانے کے بعد پارلیمان کے عملے کو دوبارہ عمارت میں داخلے کی اجازت دیدی گئی۔

خیال رہے کہ دولتِ اسلامیہ سے منسلک برطانوی شہریوں کی شام اور عراق میں عسکری کارروائیوں میں شرکت کے بعد ممکنہ وطن واپسی کے خطرے کے پیشِ نظر برطانوی حکام نے اگست میں دہشت گردی کا خطرہ انتہائی سے ایک درجہ کم تک بڑھادیا تھا جو تاحال برقرار ہے۔

گزشتہ ماہ کینیڈا کی پارلیمان پر ایک مسلمان شدت پسند کے حملے کے بعد برطانوی حکومت نے حفاظتی اقدامات کے طور پر لندن کی قلب میں سرکاری دفاتر کے نزدیک واقع ایک معروف سیاحتی مقام کی سکیورٹی بھی مسلح فوجی اہلکاروں کے حوالے کردی تھی۔

XS
SM
MD
LG