رسائی کے لنکس

مائیکرو سوفٹ کے شریک بانی پال ایلن کی لگژری کشتی فروخت کے لیے پیش


آکٹوپس کی قیمت 32 کروڑ 52 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
آکٹوپس کی قیمت 32 کروڑ 52 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔

مائیکروسوفٹ کے شریک بانی آنجہانی پال ایلن کی کشتی فروخت کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔ یہ ایک لگژری کشتی ہے جس کی قیمت 32 کروڑ 52 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔

آکٹوپس نامی اس شاندار کشتی کی لمبائی 414 فٹ ہے۔ یہ کشتی پال ایلن کی ملکیت تھی جن کا 2018 میں انتقال ہو چکا ہے۔

پال ایلن کے پاس آکٹوپس کے علاوہ ٹاٹوش اور میڈوسا نام کی دو مزید لگژری کشتیاں بھی تھیں۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق پال ایلن کے دنیا سے گزر جانے کے بعد ان کی ملکیت میں موجود چیزوں کو فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

پال ایلن کی جن چیزوں کو فروخت کے لیے پیش کیا جا چکا ہے ان میں دنیا کا سب سے بڑا جہاز بھی شامل ہے جو ان کی ملکیت تھا۔ یہ جہاز پال ایلن کی ہی ایک کمپنی ’اسٹارٹو لانچ‘ نے بنایا تھا۔

آکٹوپس ان بڑی لگژری کشتیوں میں شامل ہے جو نجی ملکیت میں ہیں۔ یہ کشتی بیک وقت 26 مہمانوں کے علاوہ 63 افراد کے عملے کو بھی اپنے اندر سمو سکتی ہے۔ آکٹوپس حجم کے اعتبار سے امریکی بحریہ کی بڑی جنگی کشتیوں کے مقابل سمجھی جاتی ہے۔

اس کشتی میں عیش و آرام کی تمام سہولیات میسّر ہیں۔ سوئمنگ پول، اسپا، سینیما، ریکارڈنگ اسٹوڈیو، نائٹ کلب، باسکٹ بال کورٹ اور جِمنازیم سمیت تمام سہولیات اس کشتی میں موجود ہیں۔

آکٹوپس میں ایک ایسا کمرہ بھی موجود ہے جو شیشوں کا بنا ہوا ہے۔ اس کمرے میں بیٹھ کر سمندری دنیا کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ اپنی گاڑی، ہیلی کاپٹر یا آبدوز سمندر میں ساتھ لے جانا چاہتے ہیں تو آکٹوپس میں ان تمام چیزوں کو رکھنے کا انتطام بھی موجود ہے۔

یہ کشتی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کی وجہ سے نہ صرف تفریحی کاموں کے لیے استعمال ہوتی ہے بلکہ تحقیق اور ریسکیو مشن میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ کشتی طویل سفر اور بپھرے سمندر میں بھی سفر کرنے کے قابل ہے۔

یہ کشتی آئس کلاس بھی ہے یعنی یہ برفیلے سمندر میں بھی چل سکتی ہے جب کہ اس کی رفتار 19 ناٹیکل میل تک جاسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG