رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے تینوں میچز بالترتیب آٹھ، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

مہمان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔ اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ بالرز شامل ہیں۔

مڈل آرڈر بلے باز آصف علی، حیدر علی، عثمان قادر اور آصف آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ تاہم انجری سے صحت یاب ہونے پر شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسن علی، شاداب خان اور حارث رؤف انگلش کاؤنٹی میں مصروف ہیں تاہم مقررہ وقت پر وہ وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ یکم جون کو لگے گا اور پی سی بی نے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسکواڈ میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، امام الحق، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، افتخار احمد، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد نواز، خوشدل شاہ، حارث رؤف، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے اس لیے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے بقول ضرورت پڑنے پر کھلاڑیوں کو مختصر وقت میں بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز اور شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے آصف آفریدی اور عثمان قادر کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG