رسائی کے لنکس

پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کے شیڈول کا اعلان


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ 2020 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری کو ہوگا جب کہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

افتتاحی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی چھ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن گھڑی بھی نصب کر دی ہے۔

پاکستان سپرلیگ کے اس ایڈیشن کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ ایونٹ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔

ایونٹ کے 34 میچوں میں سے لاہور میں 14، کراچی میں 9، راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں 3 میچز کھیلے جائیں گے۔

2019 کے ایڈیشن میں کوئتہ گلیڈٰی ایٹر نے کامیابی حاصل کی تھی۔
2019 کے ایڈیشن میں کوئتہ گلیڈٰی ایٹر نے کامیابی حاصل کی تھی۔

شیڈول کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلیں گے۔ پشاور زلمی کی ٹیم 5 میچز راولپنڈی، 3 کراچی اور ایک، ایک میچ لاہور اورملتان میں کھیلے گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی جب کہ کراچی کنگز کراچی میں 5 جب کہ 2، 2 میچز لاہور اور راولپنڈی، اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔

اسی طرح ملتان سلطانز 5 میچز لاہور، 3 ملتان اور ایک، ایک میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔

لاہور قلندرز 8 میچ لاہور جبکہ ایک، ایک میچ کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔

دوپہر میں ہونے والے تمام میچز 2 بجے سے سوا پانچ بجے تک اور شام کو ہونے والے میچز سات بجے سے رات سوا دس بجے تک کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل فائیو کا شیڈول جاری ہونے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 2020 میں 36 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے مجموعی طور پر 425 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی تھی۔

احسان مانی کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں رجسٹریشن کرانے سے دنیا بھر میں یہ مثبت پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔ اس ایونٹ کے انعقاد سے معیشت اور سیاحت کو فروغ ملے گا جو ملک کی مجموعی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔

پی سی بی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مالی وسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث پی ایس ایل فائیو کے لیے کھلاڑیوں کے معاوضے کو کم کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے پی ایس ایل فور کے چوتھے ایڈیشن کے اختتام پر پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پی ایس ایل فائیو کے لیے کچھ اصول و ضوابط بنائے گئے ہیں، جن کے مطابق، ہر اسکواڈ میں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑی شامل ہوں گے۔

اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں تین پلاٹینیم، تین ڈائمنڈ، تین گولڈ، پانچ سلور، دو ایمرجنگ اور دو سپلیمنٹری کھلاڑی شامل ہوں گے۔

16 رکنی اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہو گی۔ تاہم، 18 رکنی اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب 2 آرڈر میں کی جا سکتی ہے۔ اسکواڈ میں یا تو 12 مقامی اور 6 غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے یا پھر 13 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔

کھلاڑیوں کو کتنا معاوضہ ملے گا

پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کے معاوضے کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے۔ معاوضے کے حساب سے کھلاڑیوں کو پانچ مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی درجہ بندی پلاٹینیم ہے جس میں ایک کھلاڑی کو دو کروڑ تیس لاکھ سے تین کروڑ 40 لاکھ روپے ملیں گے۔

دوسری کیٹیگری ڈائمنڈ ہے۔ جس میں ایک کھلاڑی کو ایک کروڑ 15 لاکھ سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ملیں گے۔ تیسری کیٹیگری گولڈ ہے، جس میں کھلاڑیوں کو 69 لاکھ سے 89 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔ چوتھی کیٹیگری کو سلور کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں شامل کھلاڑیوں کو 24 لاکھ سے 54 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

آخری کٹیگری کو ایمرجنگ کا نام دیا گیا ہے، جس میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو 10 سے 15 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG