رسائی کے لنکس

قومی کرکٹ ٹیم کے دورۂ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے اسکواڈ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب تربیتی کیمپ میں ان کی کارکردگی کو مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا۔

ٹیم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پانچ روزہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور دیگر صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد اتوار کو کیا۔

دورۂ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے اسکواڈ کے کپتان سرفراز احمد ہوں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان اور محمد عامر شامل ہیں۔

محمد عباس، سعد علی، حسن علی، فہیم اشرف اور راحت علی بھی 16 رکنی دستے میں شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کی تھی جس کے بعد پانچ روزہ کیمپ مکمل ہونے کے بعد 25 میں سے سولہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب تربیتی کیمپ میں ان کی کارکردگی کو مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ منتخب کیے گئے گھلاڑی بہتر کھیل پیش کریں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 سے 15 مئی کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے کھیلا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو دورۂ آئرلینڈ کے لیے اڑان بھرے گی۔

XS
SM
MD
LG