رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز، پاکستانی اسکواڈ میں یاسر شاہ کی واپسی


 یاسرشاہ کی ایک برس بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
یاسرشاہ کی ایک برس بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ایک برس بعد قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

بدھ کو پی سی بی نے 18 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دورۂ سری لنکا کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں اسپنرز کے لیے سازگار پچز میں یاسر شاہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔

یاسر شاہ گزشتہ ایک برس سے قومی ٹیم سے باہر تھے۔ اپنی فارم اور فٹنس کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے علاوہ زیادتی کے ایک مقدمے میں بھی اُن کا نام سامنے آیا تھا۔ تاہم بعدازاں اُنہیں اس مقدمے سے بری کر دیا گیا تھا۔

یاسر شاہ 46 ٹیسٹ میچز میں اب تک 235 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جب کہ 25 ایک روزہ میچز میں اُن کی وکٹوں کی تعداد 24 ہے۔ یاسر شاہ نے پاکستان کے لیے دو ٹی ٹو، ئنٹی میچز بھی کھیلے ہیں جن میں اُن کی وکٹوں کی تعداد دو ہے۔

پاکستان کے 2015 میں دورۂ سری لنکا کے دوران یاسر شاہ نے تین ٹیسٹ میچز میں 24 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی سیریز میں 1-2 سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 16 جولائی کو گال میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 24 جولائی کو کولمبو میں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG