رسائی کے لنکس

عمر اکمل کو پی سی بی کا نوٹس، سات روز میں جواب طلب


فائل
فائل

عمر اکمل نے مکی آرتھر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے سینئر کھلاڑیوں اور چیف سلیکٹر کی موجودگی میں انہیں گالیاں دی تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے خلاف ان کے حالیہ بیان پر شوکاز نوٹس دیتے ہوئے سات روز میں جواب مانگ لیا ہے۔

پی سی بی نے پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پرنوٹس جاری کیا ہے اور عمر اکمل کو اپنا جواب سات روز میں جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔

عمر اکمل نے مکی آرتھر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے سینئر کھلاڑیوں اور چیف سلیکٹر کی موجودگی میں انہیں گالیاں دی تھیں۔

بدھ کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پريس کانفرنس کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ غير ملکی کوچنگ اسٹاف نے سينٹرل کانٹريکٹ ميں شامل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

عمر اکمل کے بقول انہوں نے اس صورتِ حال سے مکی آرتھر کو آگاہ کيا تو انہوں نے انضمام الحق کی موجودگی میں انہیں گالياں ديں۔

عمر اکمل نے کہا تھا کہ شوکاز انہیں نوٹس سچ بولنے سے نہیں روک سکتا۔

ان کے بقول جو حقیقت تھی وہ سامنے لے آئے ہیں اور اس کے نتائج نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہیں۔

قومی ٹیم کے ہيڈ کوچ مکی آرتھر عمر اکمل کے الزمات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافي کی ٹيم سے فٹنس کی بنیاد پر ڈراپ کيے جانے والے عمر اکمل پی سی بی کا سینٹرل کانٹریکٹ حاصل کرنے میں بھی ناکام رہے تھے۔

عمر اکمل کا کرکٹر کریئر کئی تنازعات کا شکار رہا ہے۔

وہ اس سے قبل لاہور میں ٹریفک وارڈن کے ساتھ الجھنے پر حوالات کی سیر کر چکے ہیں جس پر پی سی بی نے ان کے خلاف ایکشن لیا تھا۔

اس کے علاوہ حیدرآباد میں ایک شادی کی تقریب میں پولیس نے چھاپہ مارا تھا، جس میں مبینہ طور پر نشہ کر کے رقص کرنے کی عمر اکمل کی ایک ویڈیو بھی پاکستانی ٹیلی ویژن چینلز نے نشر کی تھی۔

XS
SM
MD
LG