رسائی کے لنکس

ظہیر عباس 'آئی سی سی' کے صدر نامزد


پی سی بی حکام نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ظہیر عباس کی نامزدگی کے فیصلے سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی صدارت کے لیے سابق کرکٹر ظہیر عباس کو نامزد کردیا ہے۔

پی سی بی حکام نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ظہیر عباس کی نامزدگی کے فیصلے سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔

اس سے قبل پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزد کیے جانے والے نمس سیٹھی نے پیر کو یہ عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی تھی اور پی سی بی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ اس عہدے کے لیے کسی سابق کھلاڑی کو نامزد کرے۔

نجم سیٹھی پی سی بی کے سابق سربراہ ہیں جنہوں نے اپنے پیش رو ذکا اشرف کے ساتھ طویل عدالتی جنگ کے بعد گزشتہ سال یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ نجم سیٹھی کی چیئرمین شپ کے دوران ظہیر عباس پی سی بی کے مشیر ِ اعلیٰ تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ سال ستمبر میں پی سی بی پر زور دیا تھا کہ وہ تنیم کے صدارت کے لیے کسی سابق کرکٹر کو نامزد کرے۔

لیکن نجم سیٹھی کے جانشین شہریار خان نے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نجم سیٹھی کو پہلے بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا سربراہ اور پھر آئی سی سی کا صدر نامزد کردیا تھا۔

نجم سیٹھی کی جانب سے اپنی نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ گزشتہ ماہ ہونے والے آئی سی سی کے بورڈ کے اجلاس کے بعد سامنے آیا تھا جس میں نجم سیٹھی کی صدارت کی معیاد مکمل ہونے کے بعد 2016ء سے تنظیم کی صدارت کے لیے سابق کرکٹرز کونامزد کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز اپنی نامزدگی واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آئی سی سی کے اس فیصلے پر فوراً عمل درآمد کیا جائے تاکہ پاکستان کے بہترین کرکٹرز کو یہ اہم ذمہ داری سنبھالنے کا موقع مل سکے۔

'ایشین بریڈ مین ' کے نام سے معروف 67 سالہ ظہیر عباس کا شمار پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور ماضی میں پی سی بی کی سربراہی کے لیے بھی ان کا نام زیرِ غور آتا رہا ہے۔

آئی سی سی میں گزشتہ سال متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کے بعد تنظیم کے صدر کا عہدہ نمائشی نوعیت کا رہ گیا ہے جس کی معیاد ایک سال ہے۔ظہیر عباس یکم جولائی کو یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

XS
SM
MD
LG