رسائی کے لنکس

بھارت کے دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے پر آئی سی سی جانچ کرے: پی سی بی


پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ایک خط کے ذریعے کہا ہے کہ وہ تنازعات نمٹانے سے متعلق کمیٹی "ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی" میں بھارت کے پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کے معاملے کی جانچ پڑتال کرے۔

پی سی بی نے یہ خط اپنے وکیل کے ذریعے آئی سی سی کو بھجوایا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان شکیل خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ آئی سی سی قوانین کے تحت پاک بھارت کرکٹ سیریز نہ ہونے پر تین رکنی ڈسپیوٹ پینل بنانے کا پابند ہے جو اپنی سماعت دبئی یا برطانیہ میں کر سکتا ہے جبکہ تنازعات نمٹانے والی کمیٹی برطانوی قوانین کے مطابق کام کرے گی۔

شکیل خان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ہر بار "سیکیورٹی خدشات اور حکومتی اجازت کا بہانہ بنا کر سیریز کھیلنے سے انکار کرتا رہا۔"

"پی سی سی آئی کا مؤقف ہے کہ ان کی حکومت انہیں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے اب تک کوئی دستاویزات پیش نہیں کیں۔"

ترجمان پی سی بی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ سیریز نہ ہونے سے انہیں لگ بھگ 447 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، جس کی تلافی بھارتی کرکٹ بورڈ کرے۔

'"بھارتی کرکٹ بورڈ کی پاکستان کے ساتھ بگ تھری کے بعد سائن کی گئی مفاہمت کی یادداشتوں کے تحت 2015ء سے 2023ء کے درمیان چھ دوطرفہ سیریز ہونا تھیں، جن میں سے چار کی میزبانی پاکستان کو کرنا تھی جبکہ دو کی بھارت کو۔"

پی سی بی کے موجودہ چئیرمین نجم سیٹھی اور سابقہ چئیرمین شہریار خان کئی مرتبہ کہہ چکے تھے کہ وہ بھارت کی پاکستان سے ساتھ دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے کا معاملہ آئی سی سی کے سامنے پیش کریں گے اور ضرورت پڑنے پر یہ معاملہ عدالت میں بھی لے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG