رسائی کے لنکس

انتخابات کی مجوزہ تاریخیں صدر کو ارسال


پاکستان میں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے صدر مملکت کو سمری ارسال کر دی۔

الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو تجویز دی ہے کہ 25 تا 27 جولائی 2018 کے درمیان کسی بھی دن عام انتخابات کا انعقاد کروایا جائے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے عام انتخابات 2018 کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ انتخابی فہرستوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔ ملک بھر میں کل ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہو گئی ہے۔ مرد ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی آئینی مدت 31 مئی کو پوری ہو گی اور ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے 85 ہزار کے قریب پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔ کمیٹی حکام نے بتایا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے 2 لاکھ 85 ہزارپولنگ بوتھ بنائے جائیں گے اور 9 لاکھ افراد پر مشتمل پولنگ عملہ ڈیوٹی دے گا۔

صدر مملکت کو عام انتخابات 2018 کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ سمری میں صدر پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 57 (1) کے تحت سمری منظور کریں۔

عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے صدر مملکت کو تجویز کی گئی ہے کہ وہ عام انتخابات کے لئے 25 تا 27 جولائی 2018 کے درمیان کوئی بھی تاریخ مقرر کریں۔

پاکستان میں رواں سال ہونے والے انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں لیکن اب تک نگران حکومت کے قیام کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔

XS
SM
MD
LG