رسائی کے لنکس

عامر لیاقت کے ٹی وی شو ’انعام گھر‘ پر پابندی


ایک نوٹس میں 'پیمرا' نے کہا ہے کہ ’انعام گھر‘ 28 جون سے 30 جون تک پیش نہیں کیا جاسکتا، جبکہ ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کو یکم جولائی کو پروگرام کے آغاز پر عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر معذرت کرنا ہوگی

پاکستان میں الیکٹرونک میڈیا کے نگراں ادارے ’پیمرا‘ نے ’انعام گھر‘ کی نشریات پر تین دن کی پابندی عائد کردی ہے۔

یہ اقدام پروگرام کے میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی جانب سے متنازع اور خلاف قانون مواد پیش کرنے پر اٹھایا گیا ہے۔

پاکستان الیکٹرونک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ایک نوٹس میں کہا ہے کہ ’انعام گھر‘ 28 جون سے 30 جو ن تک پیش نہیں کیا جاسکتا، جبکہ ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کو یکم جولائی کو پروگرام کے آغاز پر عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر معذرت کرنا ہوگی۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو یکم جولائی کے پروگرام میں اس بات کی یقین دہانی کرانا ہوگی کہ وہ آئندہ غیر ذمے دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار نہیں کریں گے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کوئی پروگرام دوبارہ پیش کریں گے، بصورت دیگر پروگرام پر غیرمعینہ مدت تک کے لئےپابندی لگائی جاسکتی ہے۔

اس سے قبل چھ جون کو شو کے دوران خود کشی کے ایک منظر کی نقل پیش کرنے پر بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ پیمر ا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ مواد قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

پیمرا عامر لیاقت کی جانب سے ایک اور شو میں فوج کی وردی پہننے کا بھی نوٹس لے چکا ہے۔ قواعد کے تحت، فوج کی وردی کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

XS
SM
MD
LG