رسائی کے لنکس

امریکی فوج میں جنسی حملوں سے بچاؤ کا نیا منصوبہ متعارف


وزیر دفاع پنیٹا
وزیر دفاع پنیٹا

امریکی وزیرِ دفاع نے بتایا کہ گزشتہ برس لگ بھگ 3200 فوجی اہلکاروں نے جنسی حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی شکایات درج کرائی تھیں

امریکی وزیرِدفاع لیون پنیٹا نےسخت اقدامات پرمشتمل ایک نیا پروگرام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد امریکی فوجیوں کی جانب سےایک دوسرے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔

بدھ کو محکمہ دفاع 'پینٹاگون' میں نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئےامریکی وزیرِ دفاع نے بتایا کہ منصوبے کے تحت جنسی زیادتی کی شکایت درج کرانے والے فوجی اہلکاروں کا فوری طور پر کسی نئی یونٹ یا مرکز میں تبادلہ کردیا جائے گا، تاکہ ان کے اور مبینہ حملہ آور کے درمیان رابطہ نہ ہوسکے اور شکایت کنندہ کو ہراساں نہ کیا جاسکے۔

امریکی وزیرِ دفاع نے بتایا کہ منصوبے کے تحت جنسی زیادتی کے واقعات کی فائلیں 50 برس تک محفوظ رکھی جائیں گی تاکہ فوجی اہلکار واقعہ کے عشروں بعد بھی سابق فوجیوں کےمنتظم ادارے کے ذریعے مدد طلب کرسکیں۔

نئے منصوبے میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے فوجی اہلکاروں کی مدد پر مامور عملے، تحقیقاتی افسروں اور فوجی ججوں کے لیے نئے تربیتی کورسز بھی تجویز کیے گئے ہیں۔

پنیٹا نے بتایا کہ منصوبے کےتحت فوجی حکام زیادتی کا نشانہ بننے والے اہلکاروں کے شریکِ حیات اور اہلِ خانہ کو بھی مدد فراہم کریں گے جب کہ فوجی کمانڈروں کو جنسی حملوں کی روک تھام کے حوالے سے مزید تربیت دی جائے گی۔

امریکی وزیرِ دفاع نے بتایا کہ گزشتہ برس لگ بھگ 3200 فوجی اہلکاروں نے جنسی حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی شکایات درج کرائی تھیں۔

تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ مذکورہ تعداد حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی اور ان کے بقول حکام کا اندازہ ہے کہ امریکی فوج میں ہر سال جنسی حملوں کے لگ بھگ 19 ہزار واقعات پیش آتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG