رسائی کے لنکس

وکی لیکس سے دستاویزات کی واپسی کا مطالبہ


جیوف مورل
جیوف مورل

امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون نے وکی لیکس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر افغانستان میں جاری جنگ سے متعلق ہزاروں خفیہ دستاویزات واپس کردے جو گذشتہ ماہ اس نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کی تھیں۔

پینٹا گون کے ترجمان جیوف مورل کا کہنا تھا کہ یہ تمام کاغذات خفیہ معلومات سے متعلق ہیں اور وکی لیکس انھیں فوری طور پر اپنے کمپیوٹر ریکارڈ سے بھی حذف کردے۔

انھوں نے کہا کہ حکام زیادہ پراعتماد نہیں ہیں کہ وکی لیکس اس بارے میں اپنا ذہن بدلے گی۔ مورل کا کہنا تھا کہ انھیں تاحال ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ وکی لیکس کو معاملے کی سنجیدگی اور ان کے اس اقدام سے جاری کارروائیوں کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ لوگوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کا اندازہ ہوا ہے۔

فوجی حکام کو شبہ ہے کہ ایک امریکی فوجی نے یہ دستاویزات وکی لیکس کو فراہم کی ہیں۔

ان دستاویزات میں افغانستان میں جاری جنگ میں درپیش مشکلات اور ان افغان شہریوں کے نام بھی لکھے ہوئے ہیں جو امریکی افواج کی مدد کرتے رہے ہیں۔

ترجمان مورل نے یہ نہیں بتایا کہ وکی لیکس سے دستاویزات واپس حاصل کرنے کے لیے پینٹا گون کیا اقدامات کرے گا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی اور امریکی محکمہ قانون اس تحقیقات میں شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پینٹاگون کی طرف سے 80انٹیلی جنس ماہرین پر مشتمل ٹیم دستاویزات کے منظر عام پر آنے کی تحقیقات کررہی ہے اور ان میں ظاہر کیے گئے افغان شہریوں کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کیے جاچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG