رسائی کے لنکس

پرتھ ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان نے دو وکٹوں پر 132 رنز بنا لیے


پاکستان نے پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لیے ہیں جب کہ میزبان آسٹریلیا کو اب بھی 355 رنز کی برتری حاصل ہے۔

جمعے کو کھیل کے دوسرے روز کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان 346 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ میزبان ٹیم اپنے مجموعی اسکور میں 141 رنز کا اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 487 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے فاسٹ بالر عامر جمال نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے دوسرے فاسٹ بالر خرم شہزاد نے دو، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر74 رنز کی شراکت قائم کی تو عبداللہ شفیق نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 42 رنز بنائے۔

دوسری وکٹ پر امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے کپتان شان مسعود آئے اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور 123 تک پہنچایا ہی تھا کہ شان مچل اسٹارک کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

فاسٹ بالر خرم شہزاد بطور نائٹ واچ مین آئے اور دوسرے روز کھیل کے ختم ہونے تک پاکستان نے دو وکٹوں کے خسارے کے ساتھ 132 رنز بنا لیے تھے۔ امام الحق 38 اور خرم شہزاد سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پرتھ ٹیسٹ کے آغاز میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کینگروز ٹیم کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 164 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ثابت ہوئے جنہوں نے 90 رنز بنائے۔ عثمان خواجہ 41، مارنس لبوشین 16، اسٹیون اسمتھ 31، ٹریوس ہیڈ 40، الیکس کیری 34، مچل اسٹارک 12، پیٹ کمنز نو اور نیتھن لائن پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فورم

XS
SM
MD
LG