رسائی کے لنکس

جنوبی پشاور رِنگ روڈ کی تعمیرِ نو کےمنصوبے کا افتتاح


امریکی سفیر
امریکی سفیر

اِس کی نگرانی حکومتِ پاکستان کےقریبی تعاون سےامریکی محکمہٴ خارجہ کا انسدادِ منشیات اورقانون کےنفاذ کےمعاملوں سےمتعلق بین الاقوامی بیورو کرے گا

پاکستان میں امریکی سفیراین پیٹرسن نےمنگل کوپشاورمیں25کلومیٹرطویل جنوبی پشاوررِنگ روڈ کی تعمیرِ نو کےایک منصوبےکاافتتاح کیا۔

اِس پراجیکٹ کی نگرانی حکومتِ پاکستان کے قریبی تعاون سے محکمہ خارجہ کا انسدادِ منشیات اور قانون کے نفاذ کے معاملوں سے متعلق بین الاقوامی بیورو کرے گا۔

یہ بات یہاں منگل کو محکمہٴ خارجہ کی طرف سےجاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں کہی گئی ہے۔

منصوبے کے لیے ڈھائی کروڑ ڈالر مہیہ کیے جائیں گے , جس کے تحت صوبے میں اہم شاہراہوں کو بہتر بنایا جائے گا جس کا مقصد سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور اقتصادی ترقی کو تقویت پہنچانا ہے۔

25مارچ کو امریکہ پاکستان اسٹریٹجک ڈائلاگ کے ایک حصے کے طور پر دونوں ممالک نے‘ لیٹر آف اِنٹینٹ’ پر دستخط کیے تھے، جس پر امریکہ کے معاون وزیرِ خارجہ جیکب جے لیو اور پاکستان کی وزارتِ مالیات کے سیکریٹری سلمان صدیق نے دستخط کیے تھے۔

یہ پراجیکٹ اسٹریٹجک ڈائلاگ کی کامیابی کی ایک واضح مثال ہے اور امریکی حکومت اور حکومتِ پاکستان کی طرف سے مشترکہ مفادات اور طویل المدت ساجھے داری کی نشاندہی کرتا ہے۔

رِنگ روڈ کو، دو لین سے تین لین تک وسیع اور بہتر کیا جائے گا، جس میں سروس روڈ، گرین بیلٹ، سڑک کے بیچ میڈین تعمیر کرنا اور دونوں اطراف نکاسی آب کے نظام کی تعمیر شامل ہے۔

سڑک کی تعمیرِ نو میں حیات آباد رہائشی علاقے میں ایک بائی پاس اور متانی بائی پاس روڈ کے لیے ٹرانزٹ لِنک شامل ہوگا۔ اِس وقت جاری اِس تعمیر کے لیے امریکہ امداد مہیا کر رہا ہے۔

سفیر پیٹرسن نے کہا کہ نئے رِنگ روڈ کی مدد سے چار سدا اور حیات آباد کے درمیان گزرنے والی ٹریفک میں آسانی پیدا ہوگی، سکیورٹی میں بہتری آئے گی اور بہتر تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم یہ بنیادی ڈھانچہ میسر کرنے میں حکومتِ پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، جس سے خیبر پختونخواہ اور وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے کے لوگوں کو سہولیت میسر آئے گی۔

رِنگ روڈ کی بہتری ، خیبر پختونخواہ اور فاٹا کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ گذشتہ 20برسوں کے دوران، امریکہ نے خیبر پختونخواہ اور فاٹا کے علاقے میں تقریباً 1000کلومیٹر طویل سڑکوں کا جال بچھانے پر چھ کروڑ ڈالر کی رقم خرچ کی ہے۔

XS
SM
MD
LG