رسائی کے لنکس

نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر


شہباز شریف نے درخواست میں استدعا کی کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ (فائل فوٹو)
شہباز شریف نے درخواست میں استدعا کی کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے لیے اُن کے بھائی شہباز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے جمعرات کو وکیل خواجہ حارث کے توسط سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نواز شریف کی طبیعت ناساز ہے اور وہ بہت تکلیف میں ہیں۔ اس لیے اُنہیں پاکستان یا بیرون ملک مرضی کا علاج کرانے کی اجازت دی جائے۔

نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے پہلے بھی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ تاہم عدالت نے ان درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔

شہباز شریف کی جانب سے جمعرات کو ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کو 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کی جائے۔

شہباز شریف نے درخواست میں استدعا کی کہ سزا معطلی کی اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں جہاں منگل کو طبیعت بگڑنے پر انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

سروسز اسپتال میں زیر علاج نواز شریف کے معالجین کا کہنا ہے کہ اُن کے جسم میں خون کے وہ خلیات جو خون کو جمانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں (پلیٹ یلیٹس) کی تعداد تشویش ناک حد تک کم ہوگئی تھی۔

XS
SM
MD
LG