رسائی کے لنکس

فلپائن: کار بم دھماکے میں آٹھ ہلاک


یہ واقعہ کوٹاباٹو شہر کے ایک مصروف مقام پر اس وقت پیش آیا جب شہری انتظامیہ کی اعلیٰ عہدیدار سینتھیا گیوانی اپنی گاڑی میں وہاں سے گزر رہی تھیں۔

فلپائن کے جنوبی علاقے میں پیر کی شب ہونے والے کار بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

حکام نے منگل کی صبح بتایا کہ مرنے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں اور اس واقعے میں مقامی انتظامیہ کی اعلیٰ عہدیدار کو ممکنہ طور پر ہدف بنانے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یہ واقعہ جزیرہ منڈاناؤ کے شہر کوٹاباٹو کے ایک مصروف مقام پر اس وقت پیش آیا جب شہری انتظامیہ کی اعلیٰ عہدیدار سینتھیا گیوانی اپنی گاڑی میں وہاں سے گزر رہی تھیں۔ وہ اس بم دھماکے میں محفوظ رہیں تاہم ان کا ایک محافظ اس میں ہلاک ہوگیا۔

حکام کے بقول گیوانی کو حالیہ دنوں میں نشانہ بنائے جانے کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں لیکن مبینہ طور پر اس میں ملوث ہونے والے کسی بھی گروہ یا فرد کا نام نہیں بتایا گیا۔

اس حملے کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

گزشتہ ماہ کاگیان ڈی اورو شہر میں ایک ریستوران میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

فلپائن کے جنوبی علاقوں میں مسلمان شدت پسند علیحدہ ریاست کے قیام کے لیے مسلح کارروائیاں کرتے آرہے ہیں۔ منڈاناؤ کے علاقے میں بھی مسلح گروہ اغوا اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

امریکہ نے گزشتہ ماہ اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے فلپائن کے جنوبی علاقوں خصوصاً منڈاناؤ کے سفر سے گریز کرنے کا کہا تھا۔
XS
SM
MD
LG