رسائی کے لنکس

فلپائن: ڈوبنے والی کشتی میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی


عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک بڑی لہر کے ٹکرانے سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور تمام مسافر کشتی کی ایک ہی جانب آ گئے اور کشتی ڈوب گئی۔

فلپائن میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک پہنچ چکی ہے۔

ساحلی تحفظ کے ادارے ’کوسٹ گارڈز‘ کے ترجمان کموڈور ارمند بلالیو نے کہا کہ کشتی پر موجود تمام 187 مسافروں اور عملے کے افراد کا شمار کر لیا گیا ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ 142 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور اب کسی کے لاپتہ ہونے کی کوئی اطلاعا نہیں ہے

فلپائن حکام کا کہنا ہے کہ کیموت آئس لینڈ جانے والی بد قسمت کشتی ’کیم نروانا‘ جمعرات کو اورمک شہر سے نکلتے ہی لائت آئس لینڈ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، لکڑی کی اس کشتی کی تباہی کی وجوہات میں خراب موسم اور انسانی غلطیاں، دونوں شامل ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک بڑی لہر کے ٹکرانے سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور تمام مسافر کشتی کی ایک ہی جانب آ گئے اور کشتی ڈوب گئی۔

کشتی کی تلاش کے لیے بھاری مشینری استعمال کی گئی۔

حفاظت کے غیر معیاری نظام اور گنجائش سے زیادہ لوگوں کو بھر دینے کی وجہ سے فلپائن میں ہر سال کشتی کے حادثات میں سینکڑوں نہیں تو درجنوں افراد ضرور ہلاک ہوتے ہیں۔

سات ہزار سے زائد جزائر پر مشتمل اس سمندری خطے میں مسافر کشتیاں نقل و حمل کا سب سے اہم ذریعہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG