رسائی کے لنکس

فلپائن: کشتی ڈوبنے سے دو ہلاک، 100 سے زائد کو بچا لیا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عہدیدار نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اور کتنے افراد اب بھی لاپتا ہیں کیونکہ اب یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کشتی پر مزید لوگ سوار تھے۔

فلپائن میں ایک مسافر برادر کشتی ڈوبنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 100 سے زائد کو بچالیا گیا ہے۔

حکام نے اتوار کو بتایا کہ یہ حادثہ وسطی فلپائن کے ساحل کے قریب پیش آیا۔

مہارلیکا IIنامی کشتی وسطی فلپائن کے صوبے لیئٹ کی لیلوآن بندرگا ہ سے ہفتہ کو دوپہر کو روانہ ہوئی۔ اس کے مسافروں کی فہرست کے مطابق اس پر عملے کے 26 ارکان کے علاوہ دو بچوں سمیت 58 مسافر سوار تھے۔

اس کشتی پر 13 گاڑیاں بھی لدی ہوئ تھی لیکن فہرست میں ان کے ڈرائیوروں کے ناموں کا اندراج نہیں تھا۔

فلپائن کے کوسٹ گارڈز کے ایک اعلیٰ افسر ارمند بلیلونے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اس حادثہ میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 102 دوسرے افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارروائی میں تین کشتیوں نے حصہ لیا جس میں ایک غیر ملکی تجارتی جہاز بھی شامل تھا۔

بلیلو نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اور کتنے افراد اب بھی لاپتا ہیں کیونکہ اب یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کشتی پر مزید لوگ سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ دوپہر دیر گئے تیز ہواؤں اور اونچی سمندری لہروں کے باعث کشتی کے انجن میں خرابی پیدا ہونے کے بعد مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب کشتی کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔

سات ہزار سے زائد جزیروں پر مشتمل ملک فلپائن میں ہر سال مسافربردار کشتیوں کے حادثوں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ یہاں کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا ایک معمول ہے اور کشتیوں کی خستہ حالی اور موثر نگرانی نہ ہونے کے باعث بحری حادثات کی شرح بہت زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG