رسائی کے لنکس

فلپائن: صدارتی انتخابات میں سینیٹر اکینو کی واضح کامیابی کا امکان


فلپائن میں کچھ صدارتی امیدواروں نے سینیٹر بنگنو اکینو کو اس فتح پر جو بظاہر فیصلہ کن دکھائی دیتی ہے، مبارک باد دیتے ہوئے اپنی شکست کا اعتراف کرلیا ہے۔

نیشلسٹا پارٹی کے امیدوار مینوئل ولار نے منگل کے روز یہ کہتے ہوئے اپنی شکست کا اعتراف کیا ہے کہ ملک کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے اور ہرایک کو مل کرکام کرنا چاہیے۔

اپنے عہدے پر موجود صدر گلوریا ارویونے، جو عہدے کی مدت کی حد کی وجہ سے دوبارہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتیں،اقتدار کی منتقلی کو آسان بنانے کے لیے ایک عبوری ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

اب جب کہ زیادہ ترانتخابی حلقوں سے نتائج موصول ہوچکے ہیں، ملک کے دو انتہائی مقبول سابق سیاست دانوں کے بیٹے، مسٹر اکینو ، ڈالے جانے والے ووٹوں میں سے 40 فی صد سے زیادہ ووٹ حاصل کرچکےہیں۔ ان کے قریب ترین حریف ، سابق صدر جوزف استرادا نے 26 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

مسٹر اکینو نے منگل کے روز بدعنوانی کے خلاف لڑنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ مز ارویو کو اپنے اقتدار کے نو برسوں کے دوران بدعنوانی کے الزامات کا سامنا رہاہے۔

ان انتخابات میں ، جن میں ملک کی تاریخ میں پہلی بار کمپیوٹرائز ووٹنگ مشینیں استعمال ہوئی تھیں، تشدد کے اور تکینکی خرابیوں کے اکا دکا واقعات پیش آئے ۔لیکن عہدے داروں نے بہر طور ووٹنگ کو ایک کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔

امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ فلپائن اپنے انتخابی عمل پر فخر کرنے میں حق بجانب ہے۔

XS
SM
MD
LG