رسائی کے لنکس

فلپائن: اغوا شدہ بس سے سات یرغمالی رہا


فلپائن میں ایک سابق پولیس اہلکار ،جس نے سیاحوں کی ایک بس کو اغواکر رکھا ہے،نے پیر کو ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے سات یرغمالیوں کو رہا کردیا ہے۔

دارالحکومت منیلا میں ایک پارک کے قریب شاہراہ پر کھڑی اس بس میں اب بھی تقریباً 18افراد موجود ہیں ۔

سابق سینئر انسپکٹر کے طور پر شناخت ہونے والے رونالڈو مینڈوزا نے کئی گھنٹوں کے دوران پہلے دو خواتین پھر ایک خاتون اور تین بچوں اور آخر میں ایک بزرگ آدمی کو رہا کیا۔ حکام کے مطابق بس ڈرائیور سمیت تین فلپائنی باشندے بھی ہانگ کانگ کے سیاحوں کی اس بس میں محصور ہیں اور پولیس مسلح اغوا کار سے مذاکرات کررہی ہے۔

یرغمالیوں کو خوراک فراہم کردی گئی ہے جب کہ مینڈوزا نے بس کے ائر کنڈشنر کو چالو رکھنے کے لیے ایندھن کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مینڈوزا کو 2008ء میں بھتہ وصولی اور ہراساں کرنے کے الزامات پر میٹرو منیلا پولیس سے برخواست کردیا گیا تھا۔

منیلا پولیس کے چیف انسپکٹر اروِن مارگارویجو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ مینڈوزانے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو ختم کرنے اورنوکری پر بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG