رسائی کے لنکس

فلپائن: طوفان کے باعث 100 سے زائد افراد ہلاک


فلپائن کے جنوبی علاقوں میں طوفان کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 133 تک پہنچ گئی ہے۔

مرنے والوں کی تعداد میں ہفتہ کو اس وقت اچانک تیزی سے اضافہ ہوا جب امدادی کارکنان نے ایک دریا سے درجنوں افراد کی لاشیں برآمد کیں۔

'ٹمبن' نامی طوفان جمعہ کو ملک کے دوسرے بڑے جزیرے منڈاناؤ سے ٹکرایا تھا جس سے شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔

ہفتہ کو امدادی کارکنان نے دریائے سالوگ سے 36 لاشیں برآمد کیں اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفان کے ہفتہ کو دیر گئے مغربی جزیرے پالاوان سے ٹکرانے کی بھی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

ایک مقامی پولیس عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دریائے سالوگ میں طغیانی کے باعث آ گیا اور پانی کا یہ ریلا متعدد دیہاتوں میں تباہی کا باعث بنا۔

فوج اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد رضاکار بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امدادی کارکن ایک بچے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے
امدادی کارکن ایک بچے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے

سیلاب کے باعث پیاگاپو نامی علاقہ بھی شدید متاثر ہوا جہاں 40 مکانات تباہ اور دس افراد ہلاک ہوئے۔

حکام کے مطابق دشوار گزار علاقوں میں خراب موسمی صورتحال کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

جمعہ کو منڈاناؤ سے ٹکرانے کے بعد یہ طوفان سولو سمندر کی جانب بڑھا اور اس کی وجہ سے 95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں بھی نقصانات کا باعث بنیں۔

نومبر 2013ء میں فلپائن میں شدید ترین طوفان آیا تھا جس سے تقریباً 7350 افراد ہلاک اور وسطی فلپائن میں متعدد علاقے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG