رسائی کے لنکس

امریکہ جانے والے مسافروں کی تلاشی مزید سخت


یہ خصوصی اقدامات امریکی حکام کی طرف سے ملنے والی ہدایات کے بعد کیے گئے ہیں جن کا مقصد ایسے مسافروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو تخریب کاری کی غرض سے سفر کرنا چاہتے ہوں

قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان سلطان حسن نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ امریکہ جانے والے مسافروں کی ہوائی اڈوں پر سخت چیکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ خصوصی اقدامات امریکی حکام کی طرف سے ملنے والی ہدایات کے بعد کیے گئے ہیں جن کا مقصد ایسے مسافروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو تخریب کاری کی غرض سے سفر کرنا چاہتے ہوں ۔

ترجمان نے بتا یا کہ پی آئی اے کے مسافروں کی پہلے ہی خاصی سخت چیکنگ کی جاتی رہی ہے تاہم اضافی اقدام میں دستی سامان کی چھان بین اور مسافر کو کسی طرح کا مائع یا ”Liquid“ اپنے ساتھ لے جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔

سلطان حسن نے بتایا کہ پی آئی اے نے ہوائی اڈوں پرمسافروں کی تلاشی کے لیے کیے جانے والے نئے اقدامات کے بارے میں آ گاہی پیدا کرنے کے لیے تشہیری مہم شروع کررکھی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے پاکستان سمیت 14 ملکوں سے آنے والے مسافروں کی اضافی تلاشی نظام متعارف کرایا ہے جن میں سعودی عرب، نائیجیریا ، یمن، کیوبا، ایران ، شام اور سوڈان بھی شامل ہیں۔ امریکی حکام نے فہرست میں شامل ممالک کو اپنے ہاں بھی مسافروں کی چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

امریکی حکومت نے یہ تمام اقدامات کرسمس کے موقع پر ایمسٹرڈیم سے امریکہ جانے والے ایک مسافر طیار ے کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کرنے کی ناکام کوشش کے بعد کیے ہیں ۔ اس واقعہ میں ملوث نائیجریا سے تعلق رکھنے والے مشتبہ دہشت گردعبدالمطلب نے امریکی تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ اُس نے تخریب کاری کی اس کارروائی کی تربیت اور اس کے لیے بارودی مواد یمن میں القاعدہ کی ایک حامی تنظیم سے حاصل کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG